اعتکاف اللہ تعالیٰ کی رضا کا اہم ذریعہ ہے،علامہ منظور احمد شاہ

ہفتہ 17 جون 2017 16:53

چیچہ وطنی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء)اعتکاف ، اللہ تعالیٰ کی رضا ، قرب اور تقویٰ کے حصول کا اہم ترین ذریعہ ہے جس میں ذکر و اذکار ، تلاوت قرآن اور دیگر نفلی عبادات کا موقع میسر آتا ہے ، ان لمحات کو غنیمت جانتے ہوئے دن رات یادالٰہی میں خلوص کے ساتھ گزارنے کی کوشش کرنی چاہئے ،ان خیالات کا اظہار پاکستان کی عظیم علمی و روحانی شخصیت اور جامعہ فریدیہ ساہیوال کے بانی و شیخ الحدیث علامہ پیرابوالنصر منظور احمد شاہ نے متعکفین کے اجتماع سے کیا ، انہوں نے حاضرین کو خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام جہاں حقوق اللہ کا درس دیتا ہے وہاں حقوق العباد کی بجا آوری کی تلقین بھی کرتا ہے ، حقوق العباد میں عزیز و اقارب ، ہمسائے، دوست احباب کے ساتھ حسن سلوک کا حکم تو ہے مگر صوفیاء کے نزدیک جانوروں کے حقوق کی پاسداری بھی حقوق العباد کا حصہ ہے، اس کے بارے میں بھی قیامت کے دن پوچھ گچھ ہو گی، ہمیں چاہئے کہ ہم والدین کی خدمت کریں ، انکی نافرمانی سے بچیں ، برادری میں لڑائی جھگڑے اور فسادات سے گریز کریں بلکہ اپنی ذات کے حقوق کا بھی خیال رکھیں ، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ گزارنے کے بعد ہمارے اندر تبدیلی پیدا ہونی چاہئے اور اپنے اعمال کو تعلیمات الٰہیہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہئے ، آخر میں دعا بھی ہوئی ۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں