ضلعی انتظامیہ کے اہم منصوبہ بھکر جاب بیوروکی آفس بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا

منگل 5 دسمبر 2017 13:47

بھکر۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر سید بلا ل حیدر نے ضلعی انتظامیہ کے اہم ترین منصوبہ بھکر جاب بیوروکی آفس بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھ دیاہے جس کی تعمیر 10 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی ۔سنگ بنیادرکھنے کی تقریب میں اے ڈی سی آر حافظ احمد طارق ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران ،میڈیا کے نمائندگان ،انجمن تاجران کے صدر / میونسپل کمیٹی بھکر کے وائس چیئرمین رانا محمد حنیف بھی موجود تھے ۔

ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے بھکر جاب بیورو کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھکر جاب بیورو پنجاب کے 36اضلاع میں پہلا سرکاری ادارہ ہے جو ضلع کے بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلہ میں معاون چینل کے طور پر کام کرے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھکر جاب بیورو2 سے 3 ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈی ایف آئی ڈی کے سروے کے مطابق اس وقت ضلع میں 15سے 64 سال تک عمر کے 44000 بے روزگار افراد ہیں جن میںسے 24000 افراد کو اگلے 36ماہ میں بھکر جاب بیورو ملک کے اند ر یا ملک سے باہر مختلف شعبوں میں روزگار دلوائے گااور دیگر 20000 افراد کو ضلعی انتظامیہ کے ایک اور منصوبہ تھل انڈسٹریل اسٹیٹ میں روزگار دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں 240 فیکٹریاں لگیں گی جس سے ضلع میں صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوگا ۔انہوں نے جاب بیورو کی سروسز کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ 15سال کی عمر کو پہنچنے والا ہر فرد اپنی رجسٹریشن جاب بیورو میں کروائے گاجس کے بعد جہاں بھی ملازمت کے مواقع نکلیں گے تو وہاں انکی پلیسمنٹ کروائی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ایم ٹیوٹا کے تعاون سے ضلع میں ایک اور منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس کے تحت روزگار حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو ٹیوٹا موبائیل ٹیکنیشن ،اے سی ٹیکنیشن اور دیگر ٹریڈرزمیں ٹریننگ دے گا جو 6ماہ میں مکمل ہوگی اور ٹریننگ کے شرکاء کو 2 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے افراد کو بھکر جاب بیورومتعلقہ ٹریڈزمیں ملازمتیںدلوائے گا۔

انہوں نے کہاکہ بھکرمیں بے روزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے 10ماہ قبل بھکرجاب بیوروکی منصوبہ بندی کاآغاز کیاگیاتھاجس کی افادیت اوراہمیت کے پیش نظرحکومت پنجاب نے فنڈز کی منظوری دی جس کی بدولت جاب بیورو کے منصوبہ پر عملدرآمد شروع کردیاگیاہے اوراس کے قیام سے ضلع میں بے روز گار ی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں