بھکر، ڈپٹی کمشنر کا تحصیل دریاخان کا دورہ

شہر میں ہسپتال سمیت مختلف اداروں کا انتظامی کارکردگی اورعوام کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ ،سید بلال حیدر

جمعہ 18 اگست 2017 21:01

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے جمعہ کے روز تحصیل دریاخان کا تفصیلی دورہ کیاجس کے دوران انہوں نے دریاخان شہر میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ہیلتھ کیمپ اورہسپتال کے دیگر شعبوں،میونسپل کمیٹی دریاخان ،اراضی ریکارڈسینٹر،جنرل بس اسٹینڈاوراس سے ملحقہ سٹی پارک اورگورنمنٹ ڈگری کالج سمیت مختلف اداروں کامعائنہ کرکے انتظامی کارکردگی اورعوام کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اے سی دریاخان محمد اسد چانڈیہ اورچیئرمین میونسپل کمیٹی منصوراحمد خان بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرنے ہسپتال انتظامیہ کو ہیلتھ کیئر سسٹم کی احسن کارکردگی برقراررکھنے،میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کو شہر میں میونسپل سروسز کی احسن فراہمی،جنرل بس اسٹینڈمیں ٹرانسپورٹ سہولیات کی بہتری ،سٹی پارک میں عوام کیلئے عمدہ تفریحی سہولیات کی فراہمی اورشہر میںدلیوالہ روڈکے ساتھ خوبصورت گرین بیلٹ بنانے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

اسی طرح انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج کے معائنہ کے دوران پرنسپل کو ہدایت کی کہ تدریسی سرگرمیوں کااعلیٰ معیار برقراررکھا جائے اورکالج کے لانز کو خوبصورت بنایاجائے۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے بعدازاں اے سی دریاخان کے ہمراہ دلیوالہ کابھی دورہ کیا۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی دلیوالہ میاں گل حسن میانہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے دلیوالہ پارک میں عوام کیلئے تفریحی سہولیات کی بھرپور بہتری کے احکامات جاری کرتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو سختی سے ہدایت کی کہ 2ہفتے کے اندرپارک کی حالت بہتر بناکر عوام کیلئے دلکش بنایا جائے تاکہ وہ تفریحی سہولیات سے استفادہ کرسکیں ۔

انہوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی سے کہاکہ وہ پارک میں تفریحی سہولیات کی تکمیل کے سلسلہ میں تمام تر امور کی ذاتی طورپر نگرانی کریں۔ڈپٹی کمشنر نے دورہ دلیوالہ کے دوران رورل ہیلتھ سینٹر(آرایچ سی)میں ہیلتھ ویک کے سلسلہ میںقائم کیمپ کامعائنہ کیااور کیمپ میں بیماریوں کی تشخیص وعلاج کے سلسلہ میں عوام کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کاجائزہ لیااورموقع پر موجودلوگوںسے بھی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

بعدازاںانہوں نے مرکزی جامع مسجد المعروف سنہری مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کھلی کچہری منعقد کی ۔انہوں نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کے موثر حل کیلئے ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکموں/اداروں کی فعال کارکردگی یقینی بنائے گی۔انہوں نے سیوریج ،سٹریٹ لائٹس ،نکاسی آب اورصفائی سے متعلق عوام کی طرف سے پیش کردہ مسائل کے فوری حل کیلئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ اورمیونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کو تفصیلی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے دلیوالہ سیوریج سکیم کا بھی معائنہ کیااورایکسین پبلک ہیلتھ کو ہدایات جاری کیںکہ شہریوں کو صحت وصفائی کے سلسلہ میں معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں