زرعی ترقی اورکسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے فراہم کردہ وسائل کے بھرپور ثمرات عوام کو فراہم کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر بھکر

بدھ 2 اگست 2017 20:49

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے ضلع میں محکمہ زراعت کے تمام ذیلی شعبوں کے انچارج افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ زرعی ترقی اورکسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کے فراہم کردہ وسائل کے بھرپور ثمرات عوام کو فراہم کئے جائیں ۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شعبہ زراعت کی پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے کامل پیشہ ورانہ مہارت سے کام کیا جائے ۔

انہوں نے یہ ہدایات محکمہ زراعت کے ایک بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں جس میں زراعت (توسیع)،پلانٹ پروٹیکشن اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ،زمین و پانی کی تجزیاتی لیبارٹری ،واٹرمینجمنٹ ،کراپ رپورٹنگ اور ایگری کلچرل انجنئیرنگ کے افسران نے شرکت کی اور متعلقہ دائرہ کار کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے قومی معیشت میں زرعی شعبہ کے کردار و اہمیت کا تذکرہ کرتے ہوئے افسران کو تاکید کی کہ ضلع میں زرعی ترقی کے امور میں حسب منشاء کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے ۔انہوں نے محکمہ زراعت کے شعبہ توسیع کے افسران کو بطور خاص ہدایت کی کہ کسانوں کو قابل کاشت رقبہ میں اضافہ، فصلوں کی فی ایکڑ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے اور فصلوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ضمن میں بھرپور تکنیکی راہنمائی کی فراہمی متواتر بنیادوں پر یقینی بنائی جائے ۔

اسی طرح انہوں نے واٹرمینجمنٹ ،ایگری کلچرل انجنئیرنگ،پلانٹ پروٹیکشن اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز اور زمین و پانی کی تجزیاتی لیبارٹری کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ متعلقہ شعبوں کی سہولیات کی بروقت فراہمی کے ضمن میں عمدہ کارکردگی برقرار رکھی جائے تاکہ ضلع کے کسان زرعی ترقی کیلئے اپنا کردار زیادہ سہولت کیساتھ ادا کرسکیں اور اپنے معاشی استحکام میں بھرپور اضافہ کرسکیں ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں