عوام مردم شماری کے دوران بھرپور تعاون کریں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر

بدھ 3 مئی 2017 13:41

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2017ء) ضلع بھکر کے عوام ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے مردم شماری کے دوران پاک فوج اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں، غلط معلومات فراہم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر خالد مسعود چوہدری نے کینال پتن پر سکیورٹی امور کا جائزہ لینے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں بریگیڈئیر وقار حیدر رضوی ضلعی انچارج مردم شماری بھکر،پاک آرمی کے آفیسرز نے ڈی پی او بھکر کی ہمراہی میں دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے سکیورٹی کے انتظامات کو چیک کیا۔صوبہ پنجاب اور صوبہ کے پی کے کے سنگم پر واقع پولیس چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاران کو ڈی پی او بھکر نے ریڈ الرٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ضلع بھکر کی حدود میں دریائے سندھ سے ملحقہ راستوں پر رات کے وقت گشت کو مزید مؤثر جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور صوبہ پنجاب کو ملانے والے دریائی علاقوں جو کہ تقریباً 120 کلو میٹر پر محیط ہے میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کو بھی ہر صورت میں یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

بستیوں میں شناخت کے بغیر انجان آدمی کو قطعاً نہ ٹھہرایا جائے ممکنہ حالات کے پیش نظر ہر شخص کو امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے پولیس اپنے فرض کی ادائیگی سے بخوبی آگاہ اور جذبہ حب الوطنی کے تحت اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ضلع بھکر ہمارا اپنا شہر اور اس کی حفاظت ہمارا اولین فرض ہے شرپسند عناصر ملک وقوم کے بدترین دشمن ہیں ۔

اس موقع پر ڈی پی او بھکر خالد مسعود چوہدری نے ضلعی انچارج مردم شماری بریگیڈئیر وقار حیدر رضوی کو سکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر قلب حسین خان بھی موجود تھے۔بعدازاں ڈی پی او بھکر نے تھانہ سٹی دریاخان کی تعمیراتی مراحل سے گزرنے والی بلڈنگ کا بھی تفصیلی طور پر جائزہ لیا ۔ایس ایچ او سٹی کو تعمیرات کے حوالے سے ضروری احکامات بھی موقع پر جاری کیے۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں