بھکر،ضلعی انتظامیہ کا اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے 9رمضان بازار لگانے کافریم ورک مرتب

رمضان بازاروںکے انتظام وانصرام کیلئے انچارج افسران بھی مقرر کردئیے گئے

جمعہ 21 اپریل 2017 21:41

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2017ء)ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلع کی چاروں تحصیلوں میں 9رمضان بازار لگانے کافریم ورک مرتب کیاہے اورتاجربرادری کے تعاون سے لگائے جانیوالے ان رمضان بازاروںکے انتظام وانصرام کیلئے انچارج افسران بھی مقرر کردیے گئے ہیں۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر کے زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں بتائی گئی جس میں رمضان پلان2017-کی تیاری کے سلسلہ میں سفارشات مرتب کی گئیں۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو حافظ احمد طارق،اے ڈی سی جی کریم بخش،اسسٹنٹ کمشنر ز،انجمن تاجران کے ضلعی صدررانامحمد حنیف،جنرل سیکریٹری ملک عاشق کھوکھرودیگر نمائندگان،مارکیٹ کمیٹی انتظامیہ ،رمضان پلان سے متعلقہ محکموں کے سربراہان ،میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین حضرات، چیف آفیسر ضلع کونسل اورمیونسپل کمیٹیوں کے چیف آفیسرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے رمضان بازاروں کے قیام کے سلسلہ میں اقدامات وانتظامات پر اطمینان کااظہار کیااورکہاکہ عوام الناس کو معیاری اشیائے ضروریہ کی کم ازکم نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے میں انجمن تاجران کاکردار کلیدی حیثیت رکھتاہے اوررمضان المبارک کے مقدس ماہ میںاس کردارکی اہمیت اوربھی بڑھ جاتی ہے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ مارکیٹ ریلیف حاصل کرسکیں۔

ضلعی صدرانجمن تاجران رانامحمد حنیف اوردیگر نمائندگان نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ عوام الناس کو ہرممکن ریلیف کی فراہمی کیلئے بھرپور تعاون کیا جائیگا۔اجلاس میں بتایا گیاکہ تحصیل بھکر میں عطاپارک بھکرشہر،بہل اورسرائے مہاجر،تحصیل دریاخان میں دریاخان شہر اورمین بازار دلیوالا،تحصیل کلورکوٹ میں سرگودہاروڈجنڈانوالہ،کلورکوٹ شہر جبکہ تحصیل منکیرہ میں جھنگ روڈمنکیرہ شہر اورحیدر آبادتھل کے مقامات پر رمضان بازار لگائے جائیں گے اوران رمضان بازاروں میں فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی جائیںگی۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں