حکومت پنجاب کا لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پراجیکٹ ''پڑھوپنجاب، بڑھوپنجاب''پروگرام کیلئے بڑا معاون پراجیکٹ ہے،ڈاکٹر نوید چوہدری

منگل 28 فروری 2017 21:42

بھکر۔28 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) سیکریٹری لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر نوید چوہدری نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کا لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن پراجیکٹ ''پڑھوپنجاب، بڑھوپنجاب''پروگرام کیلئے بہت بڑا معاون پراجیکٹ ہے اور اس کے تحت ضلع بھکر میں مجموعی طورپر 505لٹریسی سینٹرز کام کررہے ہیںجن میں غیر رسمی بنیادی تعلیم کی314سینٹرز،تعلیم بالغاں کے 156سینٹرز اور35فیڈرسینٹرز شامل ہیں ۔

انہوں نے یہ بات دورہ بھکر کے موقع پر خانہ بدوشوں کے بچوں کیلئے لٹریسی ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام قائم کیے گئے لٹریسی سینٹر کے معائنہ کے دوران میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اے سی بھکر علی اختر سیف اللہ ،ڈسٹرکٹ لٹریسی آفیسر غلام محمد شاہ اور پراجیکٹ لٹریسی کوآرڈی نیٹرانعام الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری لٹریسی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر نوید چوہدری نے کہاکہ حکومت پنجاب کا لٹریسی پروگرام غریب بچوں کا پروگرام ہے اور اس کا مقصد ان بچوں کو ان کے گھرکی دہلیز پر تعلیم دیناہے جوسکول جانے سے محروم ہیں۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ یہ پروگرام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان سینٹرز کے آخری خواندہ بچہ کی سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سکول میں مین سٹریمنگ نہیں ہوجاتی۔

سیکریٹری لٹریسی پنجاب نے کہاکہ بنیادی تعلیم ہر بچے کاحق ہے اورلٹریسی پراجیکٹ کے سینٹرز کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے موثر ومربوط فالواپ/مانیٹرنگ میکانزم کام کررہاہے تاکہ کوئی بچہ بنیادی تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔انہوں نے میڈیا کے نمائندگان سے کہاکہ لٹریسی پراجیکٹ کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہی عام کرنے اورکارکردگی کو جانچنے میں معاونت کی جائے۔

انہوں نے کمشنر سرگودہاڈویژن اور ڈپٹی کمشنربھکرکی طرف سے لٹریسی سینٹرز کی سرپرستی ونگرانی کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ امر غریب بچوں کو خواندہ بنانے کے ضمن میں نہایت قابل تحسین ہے۔سیکریٹری لٹریسی ڈاکٹر نوید چوہدری اورڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے سینٹر میں تدریسی سہولیات کاجائزہ لیااور اس ضمن میں بچوں سے بھی دریافت کیا۔ڈاکٹر نوید چوہدری نے لٹریسی ڈپارٹمنٹ کی مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع کے لٹریسی سینٹروں میں تدریسی سرگرمیوں کیلئے موافق ماحول کی فراہمی برقرار رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں