معاشرے میں امن و رواداری اور اتحاد و اخوت کی مثالی روایات کو فروغ دینااشد ضروری ہے،ڈپٹی کمشنر

پیر 27 فروری 2017 14:25

بھکر۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنربھکر سید بلال حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں معاشرے میں امن و رواداری اور اتحاد و اخوت کی مثالی روایات کو فروغ دینااشد ضروری ہے تاکہ سماجی فلاح و ترقی اور ہم آہنگی کے عمل کو موافق اور خوشگوار ماحول میں آگے بڑھایا جا سکے ۔انہوں نے یہ بات ضلعی امن کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کہی ۔

اجلاس میں علمائے کرام و مذہبی اکابرین ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی اور ضلع میں پائدار امن اور بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھنے کے ضمن میں تفصیلی تجاویز مرتب کر کے عملدرآمد کی حکمت عملی وضع کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر سید بلا ل حیدر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے امن و امان اور سیکیورٹی اینڈ ویجیلینس سسٹم کے استحکام کیلئے خصوصی احکامات جاری کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

جن پر عملدرآمد ضلعی انتظامیہ و پولیس اور ضلعی امن کور کمیٹی کے معزز اراکین کے اشتراک سے یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ امن و سلامتی کے بارے میں اسلام کے آفاقی پیغام کو عام کرنے ،روداری اور اخوت کو فروغ دینے میں علمائے کرام و اکابرین کا کردار و تعاون سب سے اہم اور کلیدی حیثیت رکھتاہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد صفی اللہ ،کمیٹی کے کنوینر رانا آفتاب احمد خاں،انجمن تاجران کے نمایندہ رانا صغیر ،زبیر محمود مغل ،سید سکندر رضا نقوی ،سید ممتاز حسین شاہ،مٖفتی امیر عبداللہ اور دیگر اراکین نے لاء اینڈ آرڈر کنٹرول اور سیکیورٹی اینڈ ویجی لینس سسٹم کے استحکام کے سلسلہ میں تفصیلی تجاویز دیں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے امن کو مقدم رکھنے کی اہم ترین ترجیح پر کماحقہ عملدرآمد کیلئے حسب روایت مثالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر سید بلا ل حیدرنے معزز اراکین کی تجاویز کا بھر پور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز سے کامل استفادہ کرتے ہوئے ضلع میں امن کی روایات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں