ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے اہم فورم ہے، ڈی سی بھکر

جمعہ 17 فروری 2017 14:10

بھکر۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنرسیدبلال حیدر نے کہاہے کہ ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کسانوں کی فلاح وبہبود اوران کے مسائل کے حل کیلئے اہم فورم ہے اور زرعی ترقی کے ضمن میں اس فورم پر پیش کردہ تجاویز وسفارشات پر ترجیحاًعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کااظہار ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(توسیع)کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کسان پیکج کے تحت کسانوں کی رجسٹریشن کو بھرپور انداز میں تیز رفتار بنایا جائے اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں کسانوں کی شرکت بڑھانے کی ضرورت پر زوردیاتاکہ ضلع کی زرعی ترقی اور کسانوں کی فلاح وبہبود کیلئے زیادہ سے زیادہ سفارشات مرتب کرکے ان پر فوری عملدرآمد کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان سفارشات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں شعبہ زراعت کے جملہ شعبوں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ کسانوں کی خوشحالی کیلئے سفارش کردہ اقدامات کی جلداز جلد تکمیل یقینی بنائی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاکہ ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کااجلاس ہر ماہ باقاعدگی سے منعقد کیاجائے گاجس میں گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیاجائیگا۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو حافظ احمد طارق،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ،زراعت سے متعلقہ دیگر شعبوں کے افسران،کسان بورڈ ،فرٹیلائزرز ،پیسٹی سائیڈز ڈیلرز ایسوسی ایشنز،شوگر ملزدریاخان کے نمائندگان اورکمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں