حکومتی ویژن کے مطابق ضلع میں گڈگورننس یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 27 جنوری 2017 22:44

بھکر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر بھکر سید بلال حیدر نے کہاہے کہ حکومتی ویژن کے مطابق ضلع میں گڈگورننس کے بنیادی اصولوں کی ترویج وعملداری یقینی اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ ودیگر سرکاری محکموں کے افسران کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بااعتماد انداز میں کام کرنے کیلئے مکمل سرپرستی فراہم کی جائے گی،انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر کاچارج سنبھالنے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ احمد طارق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کریم بخش،اے سی بھکر علی اختر سیف اللہ،اے سی دریاخان/کلورکوٹ مقبول احمد اعجاز،اے سی منکیرہ عبدالمصطفیٰ ،کالونی اسسٹنٹ احمد فرازاورریونیو افسران بھی موجودتھے،ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ انتظامی امور کی احسن تکمیل اورفلاح عامہ کے جذبہ خدمت کے تحت فرائض کی انجام دہی گڈ گورننس کابنیادی تقاضا ہے، گڈگورننس کے فروغ میں انہیں ہرممکن معاونت وسرپرستی فراہم کی جائے گی،انہوں نے کہاکہ وہ اپنے دفتر میں روزانہ دوگھنٹے کیلئے (دن بارہ تا دوبجی)عوامی مسائل سنیںگے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ سرکاری محکموں /دفاترکے سربراہان کو احکامات جاری کریں گے، ڈپٹی کمشنرنے ضلعی انتظامیہ ودیگر سرکاری محکموں کے افسران کو بھی تاکید کی کہ وہ دفاتر میں عوام کیلئے دروازے کھلے رکھیں تاکہ انہیں اپنے مسائل کی نشاندہی کیلئے کسی دقت سے دوچار نہ ہونا پڑے،قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حافظ احمد طارق نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ضلع کے انتظامی اور ریونیو سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں