کامیاب اور معیاری ادارہ وہ ہوتا ہے جو اپنے تعلیمی پروگرامز کیلئے اپنا سلیبس خود تیار کرے ،محمد ہاشم خان نیازی

اوپن یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے میٹرک تا ایم اے اور پی ایچ ڈی کے ساتھ بی ایڈ،ایم ایڈ تک ہرتدریسی پروگرام کیلئے سلیبس خود اس کا اپنا تیار کردہ ہے، ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیور سٹی

اتوار 8 جنوری 2017 19:40

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2017ء) عصر حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر نئے تعلیمی اور تدریسی پروگرامز متعارف کرائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اہم کردارادا کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے ریجنل ڈائریکٹر(میانوالی ریجن) محمد ہاشم خان نیازی نے گزشتہ روز یہاں گورنمنٹ کالج بھکر میں ضلع بھر سے آئے ہوئے ٹیوٹر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب اور معیاری ادارہ وہ ہوتا ہے جو اپنے تعلیمی پروگرامز کیلئے اپنا سلیبس خود تیار کرے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ میٹرک تا ایم اے اور پی ایچ ڈی کے ساتھ ساتھ بی ایڈ،ایم ایڈ تک ہرتدریسی پروگرام کیلئے سلیبس خود اس کا اپنا تیار کردہ ہے۔

(جاری ہے)

جوہرلحاظ سے انتہائی معیاری،جامع اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہوتی ہے مگر افسوس کہ ہم ابھی تک اس حوالے سے عملی طور پر دوسری قوموں سے بہت پیچھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عملی تربیت کے اس فقدان کے پیش نظر اب نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ابتدائی تعلیمی سطح ہی سے’’ارلی چائلڈ ایجوکیشن‘‘(ای سی ای) کا ڈپلومہ متعارف کرایا جارہا ہے جوختم ہونے والے پی ٹی سی اور سی ٹی کی جگہ زیادہ تر پریکٹیکل کورس پر مشتمل ہوگا اور اساتذہ کے لئے اس کا حصول لازمی ہوگا۔

اس طرح 2018ء سے پرائمری اور مڈل سکولز یکجا ہوکر ایلیمنٹری سکول کہلائیں گے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اوپن یونیورسٹی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ آئندہ سمسٹر سے صرف وہ ہی تین نئے پروگرامز کے تحت بی ایڈ کرائے گی۔جن کے مطابق ایف ای/ایف ایس سی کے بعد چار سال، بی ای/بی ایس سی کے بعد اڑھائی سال، ایم ای/ایم ایس سی کے بعد یہ ڈیڑھ سال کے ہونگے۔ڈائریکٹرنے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام میانوالی اور بھکر میں بی ایڈ کی ورکشاپس13فروری سے منعقد ہونگی۔

جن میں طلباء کو ان کی اہمیت اور افادیت سے آگاہی دی جائے گی۔ اس لئے تمام طلباء کیلئے ان میں فیس ٹو فیس حاضری لازمی ہوگی۔ آخر پر انہوںنے تمام ٹیوٹر اساتذہ کو بتایا کہ اس نئے سمسٹر سے تمام طلباء کو اپنے متعلقہ ٹیوٹر کے بارے میں اطلاعات کی فراہمی اب ادارہ خود کرے گا۔ ان کی ذمہ داری اب حسب سابق مشقوں کی وصولی، ان کی پڑتال اور آخر پر بروقت رزلٹ تیار کرکے ادارہ کو بھیجنا ہوگی۔اس موقع پر گورنمنٹ کالج بھکر کے پرنسپل دلدار حیدر خان اورعلامہ اقبال ا وپن یونیورسٹی کے ضلعی کوارڈینیٹر لیکچرر سید ساجد بخاری،ضیاء الحق چڈو،ٹی ای ملک عبدالغفور بھی موجود تھے۔ آخر پر ٹیوٹر اساتذہ میں تعلیمی کٹس تقسیم کی گئیں

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں