بہاولنگر ، کار اور بس کے تصادم میں چار افراد جاں بحق ،ایک بچہ زخمی

پیر 25 دسمبر 2017 21:50

بہاولنگر۔25 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2017ء) بارات کے ساتھ جانے والی کار کو سامنے سے آنے والی تیزرفتار بس نے کچل دیا۔ چار افراد جاں بحق ایک بچہ شدید زخمی۔ مشتعل افراد نے بس کو آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بہاولنگر ہارون آباد روڈ پر پکا موڑ کے قریب مسافر بس نے اوور ٹیک کرتے ہوئے تیز رفتاری کے سبب بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی کار کو کچل ڈالا جس کے نتیجہ میں کار بس کے نیچے دھنس گئی ریسکیو ٹیم نے کار کو کاٹ کر بس کے نیچے سے نکالا اس خوفناک تصادم کے نتیجے میں چار افراد شاہد، اسلم ، ناصر اور ہوشیار علی موقع پر ہی جابحق ہو گئے جبکہ کار میں سوار اسامہ نامی بچہ شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو بہاولنگر منتقل کردیا گیا ہے۔

جابحق ہونے والے افراد کا تعلق نواحی گاوں چک گلاب علی سے ہے او ر وہ اپنے قریبی عزیز کی بارات کے ساتھ دنیا پور جارہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی شادی والا گھر میں صف ماتم بچھ گئی اور علاقہ بھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔جائے وقوعہ پر اہل علاقہ کی کثیر تعداد جمع ہو گئی اور مشتعل افراد نے نجی کمپنی کی بس کو جلا دیا اور شدید احتجاج کیا۔ تاہم حادثے کا شکار ہونے والی بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں