ہر قسم کے غیر جمہوری عمل کی مخالفت کریں گے ،اعجازالحق

آئین میں کسی بھی قسم کی ترمیم نہیں ہونے دینگے ، جمہوری عمل کو آگے جاری رکھنے پر اکتفا کریں گے،پریس کانفرنس

پیر 28 اگست 2017 19:27

فورٹ عباس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی حلقہ این اے 191 اعجاز الحق نے کہا کہ ہر قسم کے غیر جمہوری عمل کی مخالفت کریں گے آئین میں کسی بھی قسم کی ترمیم اور خاص طور پر اسلامی شقوں خصوصاً توہین رسالت کے سلسلہ میں تبدیلی وترمیم کی نہ تو اجازت دیں گے اور نہ ہی ایسا ہونے دیں گے ،کسی بھی قسم کا بہانہ بنا کر آئندہ الیکشن کو رکنے نہ دیں گے ، بلکہ جمہوری عمل کو آگے جاری رکھنے پر اکتفا کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ کے دورہ کے موقع پر اعجازالحق پبلک سیکریٹریٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرس سے خطاب کر تے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی محمد نعیم انور سمیت چیئرمین یونین کونسلز وائس چیئرمین سمیت فورٹ عباس الیکڑانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندگان موجو د تھے ۔

(جاری ہے)

اعجاز الحق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو چاہیے کہ موجودہ صورتحال خاص طور پر ٹرمپ کے بیانات اور دھمکیاں پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیاجائے اور اس جمہوری نظام کو چلنے دیا ہم ہر قسم کی غیر آئینی اقدامات کی مخالفت کریں گے اور کسی بھی طریقہ سے ان کا حصہ نہیں بننے دیں گے ،ٹرمپ یہ بھول گیا ہے کہ پاکستان عوام اور افواج پاکستان کس طرح غیر ممالک کو سبق سکھاسکتے ہیں ٹرمپ اپنی زبان کم انڈیا کی زبان زیادہ بول رہا ہیں مگر اسے روس کی تاریخ کو یاد رکھنا چاہیے ، اعجاز الحق نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے معزز ججز کو سوئٹزلینڈ اور سرے محل کا بھی نوٹس لینا چاہیے اگر ایسا نہ ہوا تو پاکستان مسلم لیگ زیڈ خود یہ کیس سامنے لائے گی ۔

علاوہ ازیں مروٹ کو بہت جلد سب تحصیل کا درجہ دے دیا جائے گا جس سے مروٹ کے باسیوں کو نادرا سب آفس وغیرہ جیسی سہلوتوں کے لئے فورٹ عباس آنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور گیس کا منصوبہ کے بارے میں بھی عنقریب خوشخبری سنائی جائے گی ۔ہاکڑہ نہر کے درختان کے کٹائو کا این او سی بھی لے لیا گیا ہے عنقریب ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ہاکڑہ نہر پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ رضاکارانہ طور پر اتحاد ہے مگر ہم اپنے اصولوں پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔وزارت کی پیش کش شکریہ کے ساتھ واپس کر دی کہ وزارت کے بغیر بھی عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے ۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں