بہاولنگر، مزدوری مانگنے پر وڈیرے نے زمیندار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،

تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل ڈی پی او بہاولنگر کے نوٹس لینے پر مقدمہ درج، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا

جمعرات 10 اگست 2017 20:40

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2017ء)مزدوری کی رقم مانگنا محنت کش کیلئے جرم بن گیا، وڈیرے زمیندار کا محنت کش کو اپنے ڈیرہ پر لے جا کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا ، ملزمان محنت کش کو رسوں سے باندھ کر جانوروں جیسا سلوک کر تے رہے۔تشویش ناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر منتقل کر دیا گیا۔ ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او نے اپنے طمع نفس کی خاطر کوئی کارروائی نہیں کی ۔

میڈیا پر خبر نشر ہونے پر ڈی پی او بہاولنگر نے نوٹس لے لیا، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چک نمبر327/HRکا رہائشی محنت کش محمد سفیان چک نمبر319/HRکے رہائشی زمیندار محمد انور بھٹی کے ہاں مزدوری کر تا تھا اور متعدد بار اپنی محنت کے پیسے مانگ چکا تھا مگر زمیندار انکار کر تا رہا گزشتہ روز محمد انور بھٹی نے اپنے بیٹوں غلام رسول، منور، اظہر اور انوار وغیرہ کے ہمراہ محنت کش سفیان کو اپنے ڈیرہ پر لے جا کر جانوروں کی طرح تشدد کا نشانہ بنایا اور جب حالت غیر ہو گئی تو سفیان کو سڑک کنارے پھینک کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

متاثرہ شخص کو جب تھانہ مروٹ لے جایا گیا تو ایس ایچ او مروٹ نے کاغذی کاروائی کی حد تک ٹرخا دیااورنا مناسب رویہ اختیار کر تے ہوئے متاثرین کی بات نہ سنی جس پر ورثاء محمد سفیان کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر لے آئے جہاں اُس کا علاج معالجہ جاری ہے۔ بعد ازاں میڈیا پر خبر نشر ہو تے ہی ڈی پی او بہاولنگر نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر وا یا جس کے فوری بعد تین ملزمان زمیندارانوربھٹی اور اسکے دو بیٹوں میں اظہر اور انوار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ ڈی پی او نے ایس ایچ او کی نا اہلی پر سخت بر ہمی کا اظہار کر تے ہوئے وارننگ بھی دے دی ہے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں