بہاولنگر ،(ن) کے مقامی رکن قومی اسمبلی کے بیٹے کی جواں سالہ ملازمہ پراسرار طور پر ہلاک

ایم این اے کا بیٹا آصف شاہ نعش کو ہسپتال چھوڑ کر فرار ، ورثاء کا بیٹی نبیلہ کو زہر دے کر قتل کرنے کا الزام

بدھ 7 دسمبر 2016 19:54

ڈونگہ بونگہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) بہاولنگر مسلم لیگ (ن) کے مقامی رکن قومی اسمبلی کے بیٹے کی جواں سالہ ملازمہ پراسرار طور پر ہلاک ہو گئی،آصف شاہ نعش کو ہسپتال چھوڑ کر فرار ہو گیا، ورثاء نے بیٹی نبیلہ کو زہر دے کر قتل کرنے کا الزام عائد کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کی نواحی بستی کھچی کے رہائشی غلام فرید کی 15سالہ بیٹی نبیلہ جو کہ مقامی مسلم لیگی ایم این اے حلقہ 188سید اصغر شاہ کے بیٹے آصف شاہ کے گھرملازمہ تھی کی اچانک ہلاکت ایک معمہ بن گئی۔

نبیلہ کے والد غلام فرید نے ایم این اے کے بیٹے آصف پر مبینہ قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی بیٹی تقریباًً ڈیڑھ سال سے آصف اصغر شاہ کے گھر ملازمہ تھی ،منگل کی شام اچانک انکو آصف شاہ کی جانب سے ٹیلی فون کال موصول ہوئی کہ اس کی بیٹی کے پیٹ میں درد ہے اور وہ ڈسٹرکٹ اسپتال بہاولنگر کے ایمرجنسی وارڈ میںداخل ہے۔

(جاری ہے)

غلام فرید کے مطابق وہ جب موقع پر پہنچا تو اس کی بیٹی مردہ حالت میں ایمرجنسی وارڈ میں موجود تھی جبکہ اس کے ارد گرد مالکان میں سے کوئی بھی موجود نہ تھا۔

غلام فرید کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے بیٹی کو زہر دینے کے شک کا اظہار کیا تو مقامی پولیس نے پہلے پہل تو حیل و حجت سے کام لیا مگر میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او بہاولنگر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کی سخت ہدایات پر 4گھنٹوں کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم پوسٹمارٹم کیلئے پہنچ گئی اور پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں