مسلمانوں میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے عزائم کواتحاد و یکجہتی کے ذریعے خاک میں ملانا ہونا ہوگا‘ ڈی سی او بہاولنگر

ہفتہ 24 ستمبر 2016 13:19

منچن آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 ستمبر۔2016ء ) ڈی سی او بہاولنگر محمد اظہر حیات نے کہا ہے کہ دین اسلام تحمل ،رواداری ،امن اور انسانیت کا درس دیتا ہے اور ہمیں اسلام کے انہی سنہری اصولوں پر کاربند ہونا چاہیے اور اخوت و محبت کے پیغام کو پھیلانا چاہیے اورمسلمانوں میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے عزائم کواتحاد و یک جہتی کے ذریعے خاک میں ملانا ہونا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے ضلع کونسل ہال میں محرم الحرام کے ضمن میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی پی او لیاقت علی ملک،ونگ کمانڈر رینجرز کرنل راؤ بلال اورسی او 14 بلوچ کرنل امجد ، مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ڈی سی او نے مزید کہا ہے کہ ہمیں ملک دشن عناصر کی چالوں سے ہوشیار رہنے کی اشد ضرورت ہے اور فرقہ واریت اور نفرت سے دور رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او بہاول نگر لیاقت علی ملک نے کہا کہ محرم کی آمد کے پیش نظر ضلع میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔بہاول نگر امن کا گہوارہ ہے اورتمام مکاتب فکر امن کے داعی ہیں اور پھولوں کے گلدستہ کی مانند ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن ومحبت کے لیے علماء کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ونگ کمانڈر رینجرز کرنل راؤ بلال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طاقت اتحاد اور یک جہتی ہے ۔اور اسی قومی اتحاد سے افواج پاکستان نے ضرب عضب میں دہشت گردوں کا خاتمہ کیا ہے اور ملک دشمنوں کو ہر جگہ شکست دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بہاول نگر میں مکاتب فکر متحد ہیں اور ہمیں فرقہ واریت کو پنپنے سے روکنا ہے اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنا چاہیے۔

کمانڈنگ آفیسر 14 بلوچ کرنل امجد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا پرچار کرتا ہے اور محبت اوراخوت کا پیامبر ہے۔دشمن ہمارے اتحاد کو ختم کرنے کے مواقعوں کی تلاش میں رہتا ہے لیکن پوری قوم ایک لڑی میں پروی ہوئی ہے اور افواج پاکستان امن اور سلامتی اور وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دے رہی ہے اور رینجرز،پولیس ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی قوم اور وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اورپوری قوم شہدا کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہے اور ان شہداء کو فراموش نہیں کرسکتی ۔ اجلاس میں علماء کرام اور دیگر نے محرم الحرام کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں