بہاولنگر‘گرانفروشوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے،سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے سے انکاری

جمعرات 18 فروری 2016 14:39

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء)گرانفروشوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دئیے،سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے سے انکاری،من مانے داموں اشیاء کی فروخت جاری،صارفین پریشان،انتظامیہ خاموش تماشائی۔تفصیلات کے مطابق شہر بھرکے گرانفروش مسلسل حکومتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نہ صرف من چاہے داموں اشیاء فروخت کررہے ہیں بلکہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری شدہ سرکاری ریٹ لسٹ کو بھی آویزاں کرنے سے انکاری ہیں ۔

چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث گرانفروش عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مسلسل مصروف عمل ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام آنکھیں بند کئیے خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔صارفین محمد گلزار،محمد نصراللہ،سمیع الحق ،غلام مرتضی نے بتایاکہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دودھ،دہی کی قیمت65 سے 70روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں 90 سے 100روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے،اسی طرح بڑاگوشت،چھوٹا گوشت،مرغی ،سبزی ،فروٹ و دیگر اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور انتظامیہ کی خاموشی کی باعث صارفین کی پہنچ سے دورہوتی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

عوام نے وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور ڈی سی او بہاولنگر سید حیدر اقبال بخاری سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فی الفور نوٹس لیتے ہوئے صارفین ریلیف فراہم کیا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں