جشن عید میلادالنبی کے موقع پر پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ڈسٹرکٹ گورٹمنٹ کی ذمہ داری ہے‘ڈی سی او ہارون آباد

ہفتہ 19 دسمبر 2015 13:21

ہارون آبادبہاولنگر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء) ڈی سی او حیدر اقبال نے کہا ہے کہ جشن عیدمیلاد النبی عاشقان رسول بھرپور مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں جن کو خوشگوار،پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ڈسٹرکٹ گورٹمنٹ کی ذمہ داری ہے ۔حفاظتی و انتظامی اقدامات پیشگی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے " ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ"کے صدر عاطف خاکوانی کی قیادت میں ملنے والے صحافتی وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ عیدمیلادالنبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں اور بعض مقامات پر واک تھرو گیٹس کی تنصیب ٹیکنیکل سویپنگ سمیت دیگر حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کی کمی نہیں رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

عیدمیلاد النبی کے دن پارکنگ کے مناسب انتظامات اور موثر ٹریفک مینجمنٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شہر سمیت بالخصوص جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی ،گند والے کینٹینرز کی سیکورٹی کلیرنس،تجاوزات کا خاتمہ ،قابل اعتراض پوسٹرز اور وال چاکنگ کا صفایا ،سڑکوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے انتظامات بروقت مکمل کئے جانے کے احکامات جاری کئے جاچکے ہیں۔

ڈی سی او حیدر اقبال نے مزید کہا کہ ہادی برحق حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن تمام مسلمانوں کے لئے یکساں اہمیت کا حامل ہے اور اس متبرک دن کے موقع پر امن برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے جامع انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے آخر میں کہا کہ 12ربیع الاول سے قبل ضلع اور تحصیل کی سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے اور اسی طرح متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو میلاد کمیٹیوں کے ارکان سے میٹنگ کرکے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں