بہاولنگرہارون آباد‘بے لگام اے ایس آئی فراز اسلم سے ایس ایچ او کی سرکاری رہائشگاہ کا قبضہ واگزار کروا لیاگیا

ہفتہ 19 دسمبر 2015 13:21

بہاولنگرہارون آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 دسمبر۔2015ء)تھانہ سٹی اے ڈویژن کے انسپکٹر غلام محی الدین گجر نے ڈیڑھ سال بعد بے لگام اے ایس آئی فراز اسلم سے ایس ایچ او کی سرکاری رہائشگاہ کا قبضہ واگزار کروا لیا۔سابق ایس ایچ او ندیم اقبال کے دور میں فراز اسلم نے ایس ایچ او کی سرکاری رہائشگاہ پر قبضہ کرلیا تھا۔تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی اے ڈویژن بہاولنگر میں کافی عرصہ قبل ٹی اے ایس آئی فراز اسلم تعینات ہوا اس دوران سابق ایس ایچ او اکمل بسرا ء کے دور میں فراز اسلم نے رشوت کا بازار گرم کرنے کی کوشش کی تو سابق ایس ایچ او اکمل بسرا نے سختی سے روکتے ہوئے کہا کہ اگر اپنی روش کو تبدیل نہ کیا تو محکمانہ کاروائی شروع کی جائے گی۔

بعدازاں اسی تھانہ میں ندیم اقبال نے بطور ایس ایچ او کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد اے ایس آئی فراز اسلم کو ایس ایچ او کی سرکاری رہائشگاہ کا قبضہ کروا دیا جس کے بعد فراز اسلم نے تھانہ کی حدود میں قائم سرکاری رہائشگاہ کو مبینہ تھانہ کا درجہ دیتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کو پکڑ کر لین دین کا مرکز بنا لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح رواں سال جنوری کے مہینہ میں موٹرسائیکل چور گینگ سے ڈیڑھ سے دو درجن کے قریب موٹر سائیکلیں برآمد کرکے تھانہ میں جمع کروانے کی بجائے سرکاری رہائشگاہ میں رکھ لئے جہاں پر من پسند افراد کو فی کس موٹر سائیکل 25سے30ہزار روپے رشوت لے کر بوگس سپرداریوں کے ذریعے دی گئیں جبکہ مذکورہ موٹرسائیکلوں کے چیسی نمبروں کو بھی ٹمپر کرکے من پسند افراد کے موٹر سائیکل کاغذات کے متعلقہ چیسی نمبر لگائے گئے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او شارق کمال صدیقی سمیت دیگر پولیس حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری 2015میں مقامی عدالت کے حکم سپرداریوں والی موٹرسائیکلوں کی ازسر نو چھان بین ،ساڑھے12لاکھ مالیت کے میڈیکل گلوز کی چوری میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر صغیر چوہدری کی طرف گرفتار کروائے جانے والے مرکزی ملزم و سٹور کیپر کو بھاری رشوت لے کر فراز اسلم نے راستہ سے ہی فرار کروانے سمیت فراز اسلم کے زیر تفتیش مقدمات کی چھان بین کی جائے تو متعدد مقدمات تھانہ حدود سے تجاوز کرکے درج کئے گئے جبکہ مزید تفتیش میں بھی اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے کے نت نئے ریکارڈ قائم کئے گئے جس کی وجہ سے پولیس میں کرپشن کے نئے باب اور کرپشن کی بدنامی کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے ۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں