بہاولنگر ‘صدر سرکل پولیس ڈاکو راج خاتمے پر لگ گئی

پیر 28 ستمبر 2015 14:15

بہاولنگر۔ہارون آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 ستمبر۔2015ء) صدر سرکل پولیس ڈاکو راج خاتمے پر لگ گئی ۔ عارفوالاروڈ بائی پاس کے علاقہ میں ناکہ لگا کر لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں پولیس کا 72منٹ تک مقابلہ ،تین مشہور زمانہ ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ چار ڈاکو فرار ہوگئے۔شہری نے ناکہ لگا کر لوٹنے والے ڈاکوؤں کی اطلاع 15پولیس کو دی جس کے بعد پولیس مقابلہ میں مظہری،فلکی اور سروری نامی ڈاکو مارے گئے۔

تفصیل کے مطابق چاند رات کی رات تقریبا ساڑھے بارہ بجے سات ڈاکو بہاولنگر شہر کے داخلی و خارجی راستہ پر تھانہ صدر کے علاقہ عارفوالا روڈ بائی پاس پر ناکہ لگا کر لوٹ مار میں مصروف تھے کہ اس دوران ایک نڈر شہری محمد عدنان ٹیپو کی جانب سے ایمرجنسی پولیس 15کو اطلاع دی جس کے فوری بعد تھانہ صدر اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو سرنڈر کرنے کا اعلان کیا جس پر ڈاکوؤں نے گرفتاری دینے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی ۔

(جاری ہے)

پولیس نے بھی پوزیشن سنبھالنے کے بعد جوابی فائرنگ کردی۔تقریبا 72منٹ کے طویل پولیس مقابلے کے نتیجہ میں مشہور زمانہ مظہر عرف مظہری،فلک شیر عرف فلکی اور سرور عرف سروری نامی ڈاکو موقع پر مارے گئے جبکہ کے ساتھیوں میں جعفر عرف جعفری،فیاض عرف فیاضی،اقبال عرف بالی اورایک نامعلوم ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے جدید اسلحہ میں سے کلاشنکوف 44بور اور دو پسٹل اپنے قبضہ میں لے لئے ۔

بعد ازاں پولیس نے شناخت کی تو معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں پر قتل،اقدام قتل،ڈکیتی اور راہزنی سمیت سنگین نوعیت کے ساڑھے چار درجن کے قریب مقدمات میں مطلوب تھے ۔شہری حلقوں نے ڈی پی او شارق کمال سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ کرنے والے پولیس افسران وملازمین کو انعام سے نوازکر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ پولیس جوانوں میں کارکردگی دکھانے کا جذبہ پروان چڑھ سکے ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں