اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کے مختلف بیکریوں سمیت اینگرو ،حلیب اور نیسلے کے ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپے

منگل 1 ستمبر 2015 12:42

منچن آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء ) حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈی سی او بہاولنگر سید حیدر اقبال کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کا مختلف بیکریوں سمیت اینگرو ،حلیب اور نیسلے کے ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپے ،غیر معیاری ،ناقص اور زائد المعیاد پروڈکٹس کیساتھ اشیائے خوردونوش بنانے پر داتا سویٹس اینڈ بیکرز کا کارخانہ سیل ،مالک کیخلاف مقدمہ درج ،جلالیہ سویٹس پر غیر معیاری سموسے بیچنے کی پاداش پر پانچ ہزار روپے جرمانہ ،اینگروفوڈز کمپنی کے ملک کو لیکشن سنٹر کو 20 ہزار روپے جرمانہ ،شہر بھر میں بیکری و ہوٹل مالکان کی دوڑیں لگ گئیں ،مختلف قسم کی سفارشیں ڈھونڈنے لگے جنہیں اے سی منچن آباد نے یکسر مسترد کرتے ہوئے بلا امتیاز کاروائی کرنے کا عزم کر لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کیمطابق حکومت پنجاب کی طرف سے فوڈز کوالٹی پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے اے سی منچن آباد عمران ممتاز خان سیال اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شیخ طارق جمیل نے شہر میں مکمل کلین اپ کا بیڑہ اٹھا لیا ہے جس کے سلسلہ میں انہوں نے شہر میں واقع داتا بیکرز اینڈ سویٹس کے کارخانہ پر چھاپہ مارا تو وہاں فریج میں موجود استعمال کئے جانے والا ڈبہ بند دودھ اور کریم زائد المعیاد تھی ،صفائی کا انتہائی ناقص انتظام تھا ،بیکری کی تیار کردہ اشیاء میں مکھی اور مچھر الائچیوں کی جگہ لئے ہوئے تھے جس پر فوری طور پر کارخانہ سیل کر کے مالک داتا سویٹس محمد شوکت کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا اسی طرح شہر کی مشہور جلالیہ سویٹس اینڈ سموسہ سنٹر پر چھاپہ مار کر سموسہ کی کوالٹی کو چیک کیا گیا سموسہ کے اندر استعمال کئے جانے والے چکن کے پیسسزپر کی کوالٹی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کے سیمپل لیبارٹری بھجوائے جانے سمیت پانچ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اسی طرح اینگروفوڈز ملک کولیکشن سنٹر کی انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی او بہاولنگر کا جاری کردہ این او سی فراہم نہ کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ،اسی طرح ریلوے روڈ میں قائم ایک آئس فیکٹری کا این اوسی نہ ہونے پر پانچ ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ،اے سی عمران ممتاز خان سیال اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شیخ طارق جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فوڈز کی کوالٹی اور معیار پر قطعی طور پر سمجھوتا نہیں ہو گا ،ہوٹل و بیکری مالکان سمیت مختلف اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے افراد اپنا قبلہ درست کر لیں بصورت دیگر انہیں جیل کی ہوا کھانا پڑے گی -

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں