اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، تحمل ، برداشت ، رواداری، اخوات و بھائی چارے اور یک جہتی کا علم بردار ہے،امت مسلمہ کو امام حسین کے فلسفہ شہادت کی روشنی میں آپس میں متحد رہنا چاہئے، اتحاد و اتفاق کی مثال قائم کرنی چاہیے، صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2012 16:45

بہاولنگر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 17نومبر 2012ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور تحمل ، برداشت ، رواداری، اخوات و بھائی چارے اور یک جہتی کا علم بردار ہے۔امت مسلمہ کو امام حسین کے فلسفہ شہادت کی روشنی میں آپس میں متحد رہنا چاہئے اور اتحاد و اتفاق کی مثال قائم کرنی چاہیے۔

وہ ہفتہ کو ڈی سی او آفس بہاولنگر کے کمیٹی روم میں عاشورہ محرم سے متعلق خصوصی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ جس میں ڈی سی او بہاولنگر عاصم اقبال، ڈی پی او عبدالحمید کھوسہ، ممبران صوبائی اسمبلی رانا عبدالرؤف،میاں فدا حسین کالوکا وٹو ، اے ڈی سی عمر فاروق علوی ، ڈی او سی ارشاد محی الدین، ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک محمد اقبال چنڑ نے مزید کہا کہ ضلع بہاولنگر امن کا گہوارہ ہے اور اس ضلع میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے مابین مثالی تعاون موجود ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی سی او عاصم اقبال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عاشورہ محرم کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے ہیں۔ سول ڈیفنس ، ریسکیو 1122 کے اپریشنل پلان کے ساتھ ساتھ تحصیل و ضلع کی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں۔

محرم کے جلوسوں کے راستوں میں صفائی اور روشنی کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او عبدالحمید کھوسہ نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں 377 مجالس اور محرم کے 38 جلوسوں کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے تھانوں ، سب ڈویژنل لیول سے لے کر ضلعی سطح پر امن کو برقرار رکھنے کے لیے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔

اور انشاء اللہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ مقامی علماء کرام کے تعاون سے امن و امان کو قائم رکھے گی۔اجلاس میں ڈویژنل امن کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ وہ ضلع کے امن کے لیے اپنی کاوشیں جاری و ساری رکھیں گے اور تمام تحصیلوں کے دورے کر کے مقامی علماء وانتظامیہ سے بہترین تعاون کیا جا رہاہے۔ اجلاس میں تحصیل چشتیاں سے ضلعی امن کمیٹی کے ممبر فضل عباس کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں