مسلم لیگ ن نے اصغر خان کیس کے حوالے سے تحقیقات کے لیے قومی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ، سپریم کورٹ کے فیصلے کو دل و جان سے قبول کر تے ہیں ، تحقیقات کے لیے قومی کمیشن تشکیل دیا جائے، ایف آئی اے کا سربراہ وہ وزیر ہے جس نے دوہری شہریت کے بارے میں غلط حلف نامہ پیش کیا،شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہئیں، تمام دانش سکول و موبائل ہسپتال جنوبی پنجاب کو دیئے، محمدشہبازشریف کا حید ر سٹیڈیم بہاولنگر میں عوامی اجتماع سے خطاب ، بہاولنگر میں میڈیکل کالج کا اعلان ،متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

پیر 22 اکتوبر 2012 23:15

بہاولنگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اکتوبر۔ 2012ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو مسلم لیگ ن کی قیادت دل و جان سے قبول کرتی ہے تا ہم اس کی تحقیقات کے لیے نیک اور دیانت دار افراد پر مشتمل قومی کمیشن تشکیل دیا جائے، مسلم لیگ (ن) اس کی بھر پور معاونت کرے گی۔ وہ پیر کو حید ر سٹیڈیم بہاولنگر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔

وزیر اعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا کہ مجوزہ کمیشن گزشتہ تمام انتخابات میں کی گئی دھاندلی اور لوٹ مار سے متعلق تمام معاملات کا جائزہ لے۔ 2009 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کرنے کے بعدمسٹرزرداری نے آئی بی کا 50کروڑ روپیہ اپنی حکومت بنانے کے لئے دیا، 2008 میں سابق آمر مشرف نے بھی کنگز پارٹی کو جتوانے کے لیے اپنے امیدواروں کو اربوں روپے فراہم کیے جبکہ سابق دور میں پنجاب بنک میں 80 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔

(جاری ہے)

مجوزہ قومی کمیشن کا دائرہ کار وسیع ہونا چاہئیے اور اس کے پاس ان تمام معاملات کی چھان بین کا اختیار ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے لیے ایف آئی اے کی تفتیش کو تسلیم نہیں کرتے جس کا سربراہ وہ وزیر ہے جس نے دوہری شہریت کے بارے میں غلط حلف نامہ پیش کیا۔ ہم نے سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں کی خلوص دل سے پاسداری کی اور اب حالیہ الزامات کی بھی شفاف طریقے سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی توہین کی ہے اوران سے انحراف کیا ہے۔ جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہو لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہو وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیلنج کیا کہ ساڑھے چار برس کے دوران پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر بد عنوانی کا ایک بھی الزام نہیں لگا یا جا سکتا جبکہ علی بابا اور چالیس چوروں نے حکومتی سطح پر کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پاکستان کے غیور عوام بد عنوان عناصر کو بری طرح شکست سے دوچار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یونس حبیب نے خود مختلف انٹرویوز میں تسلیم کیا کہ اس نے پیپلز پارٹی کے ارکان کے قرضے معاف کیے، اب حساب چکانے کا وقت آ گیا ہے اوردودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آ جائے گا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا، چوروں اور ڈاکوؤں کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران جنوبی پنجاب کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے لیے چار گنا زیادہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جو لوگ جنوبی پنجاب کی محرومی کا پروپیگنڈا کرتے ہیں ان کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیئے۔ پنجاب حکومت نے تمام دانش سکول و موبائل ہسپتال جنوبی پنجاب کو دیئے ہیں اور اس خطے کی 65 سال کی محرومیوں کا خاتمہ کیاہے۔

وزیر اعلیٰ نے بہاولنگر میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلہ میں فوری طور پر ابتدائی کام شروع کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس سال کاشتکاروں میں 10ہزار ٹریکٹرز تقسیم کئے جارہے ہیں جس پر 2 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے اوراس انقلابی پروگرام کا آغاز پہلے کی طرح جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے جبکہ ییلو کیب سکیم کے تحت ایک ہزار گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی اور ییلو کیب سکیم کے تحت جنوبی پنجاب کے کوٹہ میں10 فیصد کا اضافہ کیا گیاہے۔

زراعت کے شعبہ میں 71 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں آب وحیات کے نام سے 36 ارب روپے کی لاگت سے ایک پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ جس میں ایک لاکھ 20ہزار ایکٹر رقبے پر ڈرپ اریگیشن سسٹم لگایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ضلع بہاولنگر کے متعدد میگا پروجیکٹس کی منظور ی دی جن کے تحت عارف والا بہاولنگر دو رویہ سڑک کی تعمیر پر 64 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ چشتیاں شہر کے سٹی پیکیج کے تحت 60 کروڑ روپے اورڈاہرانوالہ روڈ کی تعمیر پر 57 کروڑروپے صرف ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو بہاولنگر کو بہاولپور کی طرز کا شہر بنا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے دانش سکول کا خاص طورپر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک یتیم بچی عائشہ کو جب سکول میں داخل کیا گیاتو اس نے کہا کہ میرا والد اور والدہ دانش سکول ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد میں گرین ٹریکٹر کی چابیاں تقسیم کیں جبکہ لیزر لیولرز بھی تقسیم کیے گئے ۔

وزیراعلیٰ نے جناح آبادی سکیم کے تحت 5 مرلہ پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹرز اور حقوق ملکیت بھی تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ نے رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح بھی کیا جس پر تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عارف والا بہاولنگر روڈ کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس کے علاوہ سینٹری لینڈ فل سائیٹ کا بھی افتتاح کیا۔ جس پر 8 کروڑ 86 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے چشتیاں میں سٹی پیکیج کے تحت منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر مجموعی طور پر 62 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر احمد علی اولکھ ، رکن قومی اسمبلی میاں خادم حسین وٹو اور میاں ممتاز احمد متیانہ نے بھی خطاب کیا۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں