بہاولنگر ،چشتیاں پولیس نے لڑکی بازیاب کرالی ، دو ملزم اسلحہ سمیت گرفتار

جمعہ 19 دسمبر 2008 14:32

بہاولنگر( اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔19دسمبر 2008 ء ) سٹی پولیس چشتیاں نے پرانی چشتیاں سے اغواء کی گئی لڑکی کو بازیاب کروا کے دو ملزموں کو اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔سٹی پولیس تھانہ چشتیاں کے ایس ایچ او انسپکٹر یونس بٹر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 48گھنٹوں بعدمغویہ کو بازیاب اور ملزمان کو گرفتار کر لیاہے ۔

(جاری ہے)

ملزموں کلیم اور ندیم کو موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ ان کے باقی ساتھیوں کو بھی بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا انسپکٹر یونس بٹر نے بتایا کہ مغویہ کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے واضھ رہے کہ دن دیہاڑے چار ملزمان نے محنت کش کی بیٹی رابعہ اور اسکے بھائی شہزاد کو اسلحہ کے زور پر اغواء کر لیا اور زیور وغیرہ بھی لوٹ لیا تھا جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا تھا ۔ملزمان کی گرفتاری اور مغویہ کی بازیابی کے بعد اہلیان علاقہ نے انسپکٹر یونس بٹر کی کاوشوں اور محنتوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ان جیسے پولیس افسران ہی محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہو اکرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں