بے نظیر اقتدار حال کر کے ملک کے نیو کلیئر پروگرام کو رول بیک کرنا چاہتی ہیں۔ اعجاز الحق۔ ۔اگر بے نظیر سے ڈیل کی گئی تو تمام بائیں بازو کی جماعتیں پی پی پی کے خلاف ڈٹ جائیں گی‘ چوہدری نثار نے مسلم لیگ کو بگاڑنے میں اہم کردار ادا کیا ‘ وفاقی وزیر مذہبی امور کی صحافیوں سے گفتگو و تقریب سے خطاب ۔(تفصیلی خبر)

جمعرات 30 اگست 2007 17:13

بہاولنگر ( ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30 اگست 2007) وفاقی وزیر برائے مذہبی و اقلیتی امور محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو واشنگٹن کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار حاصل کر کے پاکستان کے نیو کلیئر پروگرام کو رول بیک کرنا چاہتی ہے جس طرح اس نے سکھوں کے مفادات اور کشمیر کاذ کو نقصان پہنچایا ،صدر پرویز مشرف نے اگر بے نظیر سے ڈیل کی تو تما م بائیں بازو کی جماعتیں پی پی کے خلاف ڈٹ جائیں گی ،چوہدری نثار علی نے مسلم لیگ کو بگاڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہم نے ان سے کوئی ٹکٹ نہیں مانگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں فقیروالی میں واٹر سپلائی کنکشن کی تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی سے ڈیل کی صورت میں پاکستان میں ایک مرتبہ پھر 1970-71 والے مشکل حالات پیدا ہوسکتے ہیں جس سے ملک دو لخت ہونے کی خدشات بڑھ جائیں گے ۔

(جاری ہے)

کامیاب وہی ہو گا جس کی ڈیل عوام کے ساتھ ہو گی ۔صدر مشرف کی ڈیل پی پی ہونے سے ایک بار پھر ملک میں انتہا پسندی بڑھ جائے گی ۔

بے نظیر اقتدار کے حصول کے لیے کسی بھی حد کو عبور کر سکتی ہے ۔ مسلم لیگ اور پی پی آگ اور پانی ہے جس کا ایک جگہ پر اکٹھا ہونا ممکن نہیں ہے ۔ جامعہ حفصہ کے ایک سوال جواب میں وفاقی وزیر نے کہا ان کے ذاتی تعلقات مولانا عبداللہ کے ساتھ تھے وہ قیمتی جانیں بچانے کے لیے کوششیں کرتے رہے جس کو منفی رنگ دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ مدرسوں کی حفاظت اپنے گھر ہی کی طرح کرتے ہیں ۔

وفاق المدارس کی تمام تنظیموں کے ساتھ رابطہ میں ہیں بہت جلد ایک میٹنگ بلائیں گے ۔ اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے حوالے سے انہوں نے چوہدری نثار علی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہم نے کب ٹکٹ مانگا ہے مسلم لیگ کو بگاڑنے والے ہی اصل میں وہ ہیں وہ اپنے حلقے پر توجہ دیں ۔بھاولنگر فورٹ عباس ریلوے کی بحالی کے لیے وہ 6 کروڑ روپے تک دینے کو تیار ہیں بہت جلد ان سے میٹنگ کر کے لائحہ عمل طے کروں گا ۔

دریں اثناء واٹر سپلائی کنکشن کی افتتاحی تقریب میں اپنے اظہار خیال میں کہا کہ یہ علاقہ ملک بھر میں سب سے زیادہ پسماندہ ہے جس میں قیام پاکستان سے لیکر آج تک کسی حکومت میں کام نہیں ہو اہے ۔خصوصاً بجلی اور پینے کے پانی کی شدید مشکلات ہیں ہم نے اب تک 40 کروڑ روپے سے 180 سے زائد دیہات کو بجلی فراہم کی ہے ۔اور اب صدر مشرف نے 1 ارب 63 کروڑ روپے کی رقم سوئی گیس کی فراہمی کے لیے فراہم کر دی ہے ۔

نہروں کی وارہ بندی کے خاتمہ کے لیے 73 کروڑ روپے کی رقم سے کام آخری مراحل میں چند ماہ کے بعد اس علاقہ سے وارہ بندی ختم ہو جائے گی ۔ہم تھانہ کچہری کی سیاست کے قائل نہیں جیسا کہ گزشتہ حکمران کرتے رہے ہیں ۔انہوں نے اجتماع سے کہا کہ انہوں نے جو انتخابی وعدے کیے تھے اپنی کوشش کے ساتھ ان پر پورا اترنے کی کوشش کر رہا ہوں ۔اس موقع پر ایم پی اے چوہدری غلام مرتضیٰ نے مختصر اظہار خیا لات کرتے ہوئے کہا ہم عزت و شرافت کی سیاست پر عمل کرنے والے ہیں لوٹ گھسوٹ ہمارا مشن نہیں ہے ۔

جتنی رقم حکومت کی طرف سے ہمیں ملی ہم نے نہایت ایمانداری اور ذمہ داری سے وہ آپ پر خرچ کر دی ہے ۔آئندہ بھی ہر ممکنہ وسائل خرچ کیے جائیں گے اس موقع پر تحصیل ناظم حاجی محمد یسین ، سٹی ناظم باؤ چوہدری لیاقت علی ،نائب ناظم ملک محمد ارشد ،سمیت معززین علاقہ نے شرکت کی ۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں