وفاق المدارس کو توڑنے کی سازش ناکام بنا دینگے۔ علماء۔۔ایجنسیوں کے اشاروں پر وفاق المدارس کے امام کی کردار کشی کی جا رہی ہے، حافظ مسعود قاسم قاسمی کا پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 12 اگست 2007 17:04

بہاولنگر (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12 اگست 2007) مجلس اتحاد امت پاکستان کے صدر اور بہاولنگر کے معروف دینی مدرسے جامعہ قاسم العلوم کے مہتمم صاحبزادہ حافظ مسعود قاسم قاسمی نے کہا ہے کہ وفاق المدارس کو توڑنے کی سازش کرنے والے ناکام ہوں گے۔ مولانا سلیم اللہ خان، مولانا زاہد الراشدی، مفتی رفیع عثمانی اور قاری حنیف جالندھری کی خدمات وفاق کے لہے ناقابل فراموش ہیں۔

طاہر محمود اشرفی ، زاہد محمود قاسمی خود خفیہ ایجنسی کے تنخواہ دار ایجنٹ ہیں۔ وہ حکومتی ایجنسی کے اشارے پر ناظم اعلیٰ وفاق اور دیگر علماء کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ دینی مدارس کے طلباء و علماء ایسے عناصر کی باتوں میں نہ آئیں۔ اکابرین وفاق ایسے عناصر کو فوری وفاق المدارس سے نکال دیں جو حکومتی ایماء پر مدارس و علماء کو بدنام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قاری محمد حنیف جالندھری کے دور نظامت میں وفاق نے مثالی ترقی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا اشرف نیازی، مولانا ارشد فاروقی، مولانا احمد نسیم، ضیاء الحق مجاہد اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ لال مسجد کے دوران قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی رفیع عثمانی، مولانا زاہد الراشدی نے بہت مثبت کردار ادا کیا اور ایک متفقہ ڈرافٹ تیار کیا جس کو فردواحد نے غیرملکی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے سبوتاژ کیا جس میں اکابر وفاق کوئی قصور نہیں۔

وفاق المدارس جس دن سے سپریم کورٹ میں صدر پاکستان کورکمانڈر 10 کور اور دیگر حکومتی شخصیات کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے رٹ کی ہے اس دن سے خفیہ ایجنسی کے فنڈ سے ان کی کردار کشی کی مہم شروع کی گئی۔ حکومتی سازش میں ہمارے چند علماء آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ وفاق المدارس کے اجلاس میں ہلڑ بازی کرنے والے اور وفاق المدارس کو بدنام کرنے والے عناصر کو فوری طور پر وفاق سے نکال دیا جائے۔

ملک بھر کے مدارس، علماء ، طلباء، اکابر وفاق کے ساتھ ہیں اور قاری محمد حنیف جالندھری کے خلاف اخباری پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ جمعیت تحفظ مدارس دینیہ لاہور پریس کلب کے سامنے ایم ایم اے مولانا فضل الرحمن ، مولانا سلیم اللہ خان، قاری حنیف جالندھری ، مولانا زاہد الراشدی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور مظاہرہ کرے گی۔ علماء اور مدارس کے سب سے منظم اور مضبوط ادارے کیخلاف سازشیں کرنے والے عناصر بری طرح ناکام ہوں گے اور 18 اگست کو کراچی میں منعقدہ اجلاس میں سازشی عناصر کو مؤثر جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں