ملک بھر میں لوڈشیڈنگ جاری

توانائی کے شعبہ میں 619 ارب مختص کرنے کے باوجود، ماہ صیام کے احترام میں بھی لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لئے کچھ نہ کیا گیا

پیر 5 جون 2017

Mulk Bhar Main Load shedding Jaari
سید ساجد یزدانی:
گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کو سلسلہ تیز ہوگیا۔کئی علاقوں میں دورانیہ 18 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔
پشاور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہی نے کارکنوں کے ہمراہ رنگ روڈ پر احتجاج کیا اور ہزارخوانی فیڈر پر دھاوا بول دیا جہاں پر 100 سے زائد دیہاتوں کے بند فیڈرز کو کھول دیا۔

ایم پی اے کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔جبکہ چشتیاں،جکھڑ،پاکپتن،قصور اور شیخوپورہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا۔دوسری طرف پیسکو کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ایم پی اے فضل الہی اور پی ٹی آئی کا کارکنوں کی غنڈہ گردی کا نوٹس لے اور انہیں فوری طور پر گرفتار کرے۔
ایم پی اے فضل الہٰی کے علاقوں میں 70 فیصدبجلی چوری ہوتی ہے جب واپڈا ملازمین بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں تو مقامی افراد واپڈا کے ملازمین کو دھمکیاں دیتے اور زدو کوب کرتے ہیں پولیس اہلکار بھی مدد نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

قصور اور گردونواح میں لیسکو کی طرف سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر شدیدگرمی میں شہری بلبلا اٹھے،شہری سراپا احتجاج،تفصیلات کے مطابق لیسکو کی جانب سے قصور اورگردونواح میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کر پڑھ رہا ہے بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے پانی نایاب ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی میں بچے اوربڑے سب بلبلا اٹھے۔

شہر میں 16،دیہات میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ کاروباری مراکز ،مزدور طبقہ بجلی کی فراہمی نہ ہو نے کی وجہ سے بری طرح متاثر ہورہا ہے۔شدید گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر کے بازاروں میں دو خواتین اور تین بچے بے ہوش ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ پولٹری فارم میں بھی گرمی کے باعث متعدد مرغیوں کے مرنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔


آگ برساتے سورج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو ہلکان کردیا،شدید گرمی میں شہری پانی کو بھی ترس گئے جمعتہ المبارک کی تیاری اور نماز کی ادائیگی میں بھی بعض علاقوں میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سڑکوں پر کرفیو جیسا منظر آنے لگا ،گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے باعث سرکاری ونجی ہسپتالوں میں لولگنے گیسٹرو پانی کی کمی کے شکار مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب بجلی کی طویل دورانیہ کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔

شیرانوالہ باغ،جی ٹی روڈ،فرید ٹاؤن،سیٹلائیٹ تاؤن کنیٹ کھیالی اور دیگر سب ڈویژنوں کے علاقوں میں صبح شام اور رات گئے طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 جبکہ دیہات میں 14 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے شدید گرمی اور حبس میں نہ صرف گھروں میں خواتین بچوں اور بوڑھوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔پنڈی بھٹیاں میں رمضان سے قبل ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8سے 10 گھنٹے تک پہنچ گیا کاروبار زندگی ٹھپ،بازار اور مارکٹیں سنسان پڑی ہیں گرمی کی شدت اور سورج کی حدت کی وجہ سے لوگ گھروں میں محبوس ہو کر رہ گئے ہیں ۔

ہسپتالوں میں بجلی کی بندش کی وجہ سے مریض کسمپری کا شکار ہیں۔جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی،درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا،شہراہیں ویران،پانی اور برف کی قلت،گرمی کے باعث 5افراد بے ہوش۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایشیاء کے گرم ترین علاقہ جیکب آباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور پانی کی قلت کو ختم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

پیسکو حکام کے مطابق ایم پی اے فضل الہٰی نے سرکاری املاک پر قبضہ کر کے انہیں نقصان پہنچایا عملے نے اس قسم کی دہشت گردی سے تحفظ مانگا ہے۔وفاق نے چیف سیکرٹری خیبر پی کے کو خط میں کہا ہے کہ گرڈاسٹیشن قومی اثاثے ہیں ان کی حفاظت کے اقدامات کئے جائیں۔واپڈا دفاتر اور تنصیبات پر 19 مئی سے حملے جاری ہیں۔پی ٹی آئی کے ایم این اے کی قیادت میں 19 مئی کو جلوس پیسکو ہاؤس پر چھ دوڑا تھا۔

گرڈ سٹیشنز کو محفوظ بنانا صوبائی حکومت کا آئینی فرض ہے۔
لاہور سمیت مضافات میں بجلی کی فوری لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے،دوسری طرف بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔وزارت پانی و بجلی کے بلند وبانگ دعوؤں کے برعکس رمضان المبارک میں بجلی کی کم لوڈشیڈنگ کے منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہوسکا۔لاہور الیکڑک سپلائی کمپنی (لیسکو)نے سب ڈویزنز میں اضافی ٹرالی ٹرانسفارمر نہ پہنچائے جا سکے۔

لیسکو کی طرف سے انڈسٹری پر لوڈشیڈنگ کرنے کا شیڈول بھی جاری نہ ہوسکاجس کے باعث ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 10 سے 12 گھنٹے تک جاری رہے گی۔صارفین کی انفرادی شکایات کے حل کیلئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم نہیں کیا گیا۔لیسکو چیف نے ہیڈ آفس کی سطح پر ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔آئی پی پیز سے 8629 میگاواٹ بجلی کا حصول ممکن ہوسکا۔


دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ٹیوب نہ چلنے کے باعث پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے اور کئی علاقوں میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔
صوبائی دالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔آنیوالے دنوں میں یہ مزید بڑھے گی۔لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے طرفہ تماشا ہے کہ موسم گرم ہونے کے بعد لیسکو نے بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا جس سے جھلسا دینے والی گرمی سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔

رمضان المبارک کی آ مد سے قبل ہی شدید گرم موسم میں بجلی کا غائب ہونا اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ شہریوں کیلئے دہرے عذاب سے کم نہیں۔لیسکو نے شہروں میں چار گھنٹے اور دیہات میں چھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا تھا۔لیکن یہ ادارہ اس پر عملدرآمد کرنے میں بری طرح ناکام رہا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اعلان کردہ شیڈول کے برعکس عملا شہروں میں نو گھنٹے اور دیہات میں چودہ گھنٹے تک پھیل گیا۔

بجلی کی اس طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں واسا کے ٹیوب ویل بند ہوجانے سے کئی علاقوں میں پانی کی نایابی بھی مسئلہ بن جاتی ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔
لیسکو کو ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار بڑھانے اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنا کر اس تکلیف دہ صورت حال کا خاتمہ کرنا چاہیے تاکہ کم ازکم رمضان المبارک کے مہینے تو شہری یکسوئی اور اطمینان سے اپنی عبادات ادا کرسکیں۔

اس وقت الیکشن 2018ء کیلئے پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پر سیاسی گولہ باری کر رہی ہیں۔یہ صورے حال حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اپنی اولین ترجیح بنا کر حکومت کو عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
کول پاور پلانٹ کے افتتاح کے باوجود علاقہ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوسکا شدید گرمی سے 4 افراد بیہوش ہو گئے پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق میپکو نے بدترین لوڈشیڈنگ کا آغاز کردیا ،میپکو کی بدترین لوڈشیڈنگ 14 سے تجاوز کر گئی جبکہ شدید گرمی میں بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کو جینا اجیرن بنادیا ہے۔

تاندلیا نوالہ سے نامہ نگار کے مطابق گردونواح میں بجلی کی بندش اور سخت گرمی نے عوام کو پریشانی میں مبتلا کردیا لوگ پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے بھی مشکل کا شکار ہیں۔سخت گرمی میں رات کو باربار بجلی کی بندش باعث پریشانی بن گئی ہے۔دوسری طرف کمشنر کراچی نے کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے ملاقات کی جس کے دوران کے الیکٹرک نے سحر وافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں قیامت ڈھانے لگا،پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑرہی ہے،لاہور میں پارہ 45تک جانے کا امکان ہے جبکہ رحیم یار خان،بھکر،ملتان،بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بھی پارہ 47 تک جائے گا۔رمضان المبارک میں سندھ،جنوبی پنجاب، اور بلوچستان میں قیامت خیز گرمی روزے داروں کا کڑا امتحان لے گی۔تربت اور سبی میں پارا52 جیکب آباد میں 51 ،دادو،لاڑکانہ،تربت 50 ،ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

خصوصی نمائندہ کے مطابق وفاقی وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک بھر میں رمضان لوڈمینجمنٹ پلان کے تحت سحر وافطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔
خیبر پی کے میں تحریک انصاف کے کارکن بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف مشتعل ہوگئے اور انہوں نے واپڈا کے دفاتر پر حملے کرکے توڑ پھوڑ بھی کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رحمان بابا سٹیشن کاکنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے والے پی ٹی آئی کے ایم پی اے فضل الہٰی جب سٹیشن کے اندر داخل ہوگئے تو ڈی ایس پی کے حکم پر گرڈ سٹیشن کے گیٹ کو اندر سے تالے لگا دئیے گئے اور انہیں یرغمال بنا لیا گیا۔


ایم پی اے کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور شدید احتجاج کیا گیا تاہم پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کرلیا گیا۔پولیس حکام پر پیسکو انتظامیہ نے گرڈ سٹیشن کا دروازہ کھول دیا جس کے بعد مظاہرین اندر داخل ہو گئے اور دھرنا دیدیا۔ایم پی اے فضل الہی کا کہنا تھا پیسکو لوڈشیڈنگ کے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور 8گھنٹے کے بجائے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس پر میں عوام کے حقوق کے لئے نکلا ہوں تاہم حکومت بھی ہمارا ساتھ نہیں دے رہی مجھے گرڈسٹیشن میں یرغمال بنا لیا گیا۔

انہوں نے کہا کے تاج آباد اور رحمان بابا گرڈ سٹیشن میں ہمارا مکمل کنٹرول ہے۔ترجمان پیسکو نے کہا ہے خیبر پی کے حکومت ایم پی ایز فضل الہٰی اور عارف یوسف کی غنڈہ گردی کے خلاف خاموش ہے اور غنڈہ گردی کے خلا ف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ایم پی ایز کی سربراہی میں بجلی چوری کرانا گھنا آنا جرم ہے۔حالانکہ صوبائی ارکان کی جانب سے عوام کو بل دینے کی ترغیب دینی چاہیے تھی بعد ازاں فضل الہٰی کے احکام سے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے دوران 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ پر اتفاق ہوگیا۔


بٹ خیلہ سے نامہ نگار کے مطابق تحصیل بٹ خیلہ میں بجلی کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے خلاف تحریک انصاف کے ایم این اے جنید اکبر اور مشیر وزیر اعلیٰ شکیل خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ،مشتعل مظاہرین نے ایس ڈی او واپڈا آفس میں توڑ پھوڑ کر کے فرنیچر کو باہر پھینک کر آگ لگا دی،ملاکنڈ لیوی نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی جبکہ ایم این اے جنید اکبر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ایم پی اے شکیل خان سمیت 7 افراد کو گرفتار کرلیاتاہم بعد میں دونوں قائدین کو رہا کردیا ۔

مشتعل مظاہرین نے ایس ڈی او واپڈا کے آفس پر دھاوا بول کر توڑپھوڑ کی اور آفس کی کرسیاں اور میز جلا دئیے جبکہ کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے۔بیورورپورٹ کے مطابق خیبر پی کے اور فاٹا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت پانی و بجلی کے مطابق پشاور کے تینوں گرڈسٹیشنز پر ہجوم نے دوبارہ قبضہ کرلیا۔

گرڈ سٹیشنز میں شاہی باغ،کوہاٹ روڈ اور یونیورسٹی گرڈ شامل ہے۔ہجوم کی قیادت ایم پی اے اور مقامی ناظم کررہے ہیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا پشاور میں تینوں گرڈ سٹیشنز پر ہجوم نے قبضہ کرلیا ہے۔پی ٹی آئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی قیادت میں ہجوم نے گرڈ سٹیشن پر حملہ کیا۔ہجوم نے شاہی باغ گرڈ سٹیشن کی دیوار بھی گرا دی۔ان گرڈ سٹیشنز پر70فیصد بجلی چوری ہوتی ہے اور وصولی نہیں تھی۔ریاستی پراپرٹی کی حفاظت کرنا خیبرپی کے حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔خیبر پی کے پولیس نادہندگان اور بجلی چوروں کے مظاہروں کو تحفظ دے رہی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Mulk Bhar Main Load shedding Jaari is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 05 June 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.