ختم نبوت شق میں تبدیلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے!

نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانے پر سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ڈرگ انسپکٹر ختم کرکے پنجاب فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ

بدھ 18 اکتوبر 2017

Khatme Nabowat Shik Me Tabdeli K Khilaf Ehtjaji Muzahry
اظہر سلیم مجوکہ:
حکومت کی طرف سے غلطی ماننے اور ختم نبوت حلف نامہ بحال کرنے کے اعلان سے جہاں ملک میں پھیلی بے چینی خو ختم کرنے میں مدد ملی ہے وہاں ملک بھر میں اس سے قبل بل میں رقم رکھنے اور ایسی ترمیم کی منظوری کرنے والوں کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔ سیاسی اور عوامی حلقوں کے مطابق حکومت نے محض اپنے مفادات اور سیاست دانوں نے ایک دوسرے کی حمایت اور اراکین اسمبلی نے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا ہے اور غلط ترمیم کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔

تحریک انصاف کی طرف سے ترمیم میں شق 203 کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے مختلف سیاسی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کی طرف سے اصل شکل میں کاغذات نامزدگی اور 7-B ، 7-C کی بحالی کا مطالبہ بھی سامنے آرہا ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے بھی ختم نبوت کے حوالے سے قانون میں ترمیم واپس لینے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ قوم اور میڈیا کی بیداری نے حکومتی سازش ناکام بنادی ہے، قبل ازیں جنوبی پنجاب کے وکلاء کی طرف سے ختم نبوت شق میں تبدیلی کے خلاف عدالتی بائیکاٹ بھی کیا گیا جبکہ علماء سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔

ملتان، مظفر گڑھ ، خانیوال،وہاڑی سمیت پنجاب بھر میں بڑی تعداد میں مقدمات کی سماعت بھی ملتوی ہوئی جس سے سائلوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حکومتی غلطی کو تسلیم کرنے اور شق میں ترمیم کی واپسی کے بعد سیاسی اور عوامی حلقوں نے غلطی کے اعتراف کو خوش آئند اور تبدیلی کو جرم قراردیا ہے۔ علمائے کرام نے بھی حکومتی اعلان پر قومی کانفرنس اور مزید احتجاج کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاہے، تاہم اس ترمیم کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

سینئر سیاست دان مخدوم ہاشمی نے ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ سابق صدر یحیٰ خان سے لے کر مشرف تک کسی ایک بھی ڈکٹیٹر کا ٹرائل کیوں نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاسی قیادتیں میچور ہونے لگتی ہیں تو انہیں ہٹا دیا جاتاہے۔ نواز شریف سمیت تمام سیاسی قیادت ایک ہی فیکٹری کی پیداوار ہے۔ مخدوم ہاشمی کے مطابق عسکری وعدالتی اداروں کی طرف سے پارلیمنٹ کا راستہ روکنا تباہ کن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے جس نے بھی سازش کی ہے اسے کڑی سزادی جائے۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے سنیئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ 12 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ان کی پارٹی اس حوالے سے کسی بھی مک مکا کا حصہ نہیں بنے گی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق نیب قانون میں ترمیم کے معاملے پر 12 رکنی کمیٹی اپنی سفارشات عمران خان کو پیش کرے گی اور قانونی ماہرین کی چار رکنی ٹیم کمیٹی کی معاونت بھی کرے گی۔

مخدو م شاہ محمود قریشی کے مطابق نااہل وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے آفتاب سلطان کو نیا چیئرمین بنایا گیا تو وہ بھی چودھری قمرالزمان کی طرح کردار ادا کریں گے اور نیب متنازعہ رہے گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بناکر اور اس کے لئے سینٹ اور قومی اسمبلی سے بل پاس کروا کر ایک نااہل جماعت ہونے کا ثبوت دیا ہے اور عوام میں اس کی ساکھ مزید خراب ہوگئی ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی نے ایک طاقتور بادشاہ کو تخت سے الگ کرنے کیلئے جو تحریک چلائی ہے اس کی کامیابی دراصل عوام ہی کی کامیابی ہے۔ ملتان میں سی ٹی ڈی کی کاروائی میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ کاروائی شیرشاہ کے علاقے میں کی گئی اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے سرائیکی صوبہ کے قیام کے لئے آئینی (ترمیمی) بل 2017ء میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا ہے۔

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بیشتر سیاست دانوں نے بھی اس اقدام کی حمایت کی ہے۔ جمشید دستی عوامی راج پارٹی کے سربراہ بھی ہیں دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن اسمبلی شیخ رشید نے بھی انتخابی اصلاحات بل 2017 ء سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے، ان کا موقف ہے کہ ایک شخص کی خاطر آئین کو مسخ کرتے ہوے نااہل قراردیئے گئے شخص کو بچانے کیلئے ترمیم کی گئی جسے عدالت نے نااہل قراردیا ہے بل کی منظوری میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی لہٰذا نواز شریف کو بطور پارٹی صدر کام کرنے سے روکا جائے ورنہ ملک میں عدلیہ کی بالادستی کو نقصان پہنچے گا اور کرپٹ افراد کی حوصلہ شکنی کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کے رجحان کو فروغ ملے گا۔

حکومت پنجاب کی نئی پالیسی کے تحت ڈرگ انسپکٹر ختم کرکے پنجاب فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیاگیا ہے۔چند روز میں سمری کی منظور ی کے بعد اتھارٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔ جمیعت علمائے پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری قاری زوار بہادر نے کہا ہے کہ ختم نبوت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی۔ مفتی تقدس رضوی اور دیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین نے سربلند کرکے چلنا سکھایا۔ جمیعت علمائے پاکستان کے رہنماؤں کے مطابق ان کی جماعت دین کی سربلندی کے لئے دن رات کوشاں ہے اور واقعہ کربلا میں پوری امت مسلمہ کے لئے ایک ہدایت کا درس ملتا ہے۔ پی پی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ نااہل ثابت کرکے جمہوری روایات پامال کی گئی ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Khatme Nabowat Shik Me Tabdeli K Khilaf Ehtjaji Muzahry is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 18 October 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.