جنوبی پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ، سرچ آپریشن ، متعدد گرفتار!

انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں پر طلبہ ، والدین پریشان۔۔۔۔۔۔۔۔ میونسپل کا رپوریشن ملتان کا اجلاس شور شرابے کی نذر، ایجنڈا منظور نہ ہوسکا

منگل 7 نومبر 2017

Jnobi Punjab me Security High Alert
اظہر سلیم مجوکہ:
شیخ الاسلام حضرت غوث بہاؤالدین زکریا رحمتہ اللہ علیہ سالانہ قومی کانفرنس کے موقع پر مختلف علمائے کرام اور مشائخ عظام نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولیا کرام نے رشد وہدایت کا ذریعہ ہیں۔ دربار عالیہ کے سجادہ نشین اور تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہا خانقاہوں سے ہمیشہ محبت کا درس ملا ہے اور وہ ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آستانوں کے سجاد گان کا نیا اتحاد بھی بننے جارہا ہے جبکہ سندھ میں تبدیلی آرہی ہے جو آنے والے سیاسی منظر نامے کے لئے خوش آئند ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 نومبر کوگھوٹکی میں جلسے سے صورتحال مزید بہتر ہوگی اور تحریک انصاف سندھ میں اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر صدیق قادری، قاری احمد میاں، مظہر سعید کاظمی ، ملک عامر ڈوگر اور زین حسین قریشی نے بھی خطاب کیا۔

جمیعت علمائے پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور علامہ شاہ احمد نورانی کے صاحبزادے محمد اویس نورانی نے مدرسہ اظہر العلوم میں ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا ہے کہ توہین عدالت کا فیصلہ عدالتوں میں نہ ہوا تو قلمدان عدل بھی عوام سنبھال لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ختم نبوت شق ختم کرنے والے قوم کے دشمن ہیں اور انہوں نے عوام کو بتادیا ہے کہ غلام قادیانی کے پیروکار آج بھی سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بل کی مخالفت میں ہمارا ساتھ نہیں دیا جبکہ بل بنانے والی خاتون کو سامنے لانا ضروری ہے۔ ملتان کے مفتی عبدالقوی کو ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کی تفتیش میں شامل کیا گیا ہے جو ڈیشنل مجسٹریٹ کی طرف سے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ بھی دیا گیا ہے جبکہ لاہور میں ہونے والے پانچ گھنٹے کے پولی گرافک ٹیسٹ میں 95 فیصد بیانات میں تضاد پائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں ان کے پولیس کو دیئے گئے بیانان اور پولی گرافک ٹیسٹ کے نتائج میں واضح فرق پایا جارہا ہے ۔

تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اس عمر نے اپنے دورہ ملتان کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں چھوٹے صوبے بنانے کا معاملہ پی ٹی آئی کے منشور میں شامل ہے اور الیکشن کے بعد ہم خیال جماعتوں سے ملکر اتحادی حکومت بھی بنائی جا سکتی ہے۔ اسد عمر کے مطابق سی پیک کے تحت اپر پنجاب میں دو اکنامک زون بنائے گئے جبکہ جنوبی پنجاب کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا ماضی گواہ ہے کہ وہ معافی نامہ لکھ کر احتساب اور ملک سے بھاگ جاتے ہیں۔ اسد عمر کے مطابق جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی میں جتنے بھی اختلافات ہوں کارکنوں کو دونوں قبول ہیں۔ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی کے عرس پر مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے بھائی مرید حسین قریشی کے درمیان ایک بار پھر اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔

مخدوم مرید حسین قریشی کا کہنا ہے کہ ان کو فون پر مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں جبکہ انہوں نے شاہ محمود قریشی پر مزید بھی کئی سنگین الزامات لگائے ہیں اور کہا ہے کہ وہ مریدوں کے ایمان کا سودانہ کریں۔ عرس کے موقع پر ایک اور واقعہ بھی رونما ہوا ہے کہ کسی عقیدت مند کا پاؤں مخدوم مرید قریشی کے پاؤں پر آگیا جس کی وجہ سے انہوں نے مرید پر تھپڑوں کی بارش کردی مرید کے ہاتھ جوڑنے کے باوجود بھی مخدو م پیر کا مرید پر غصہ ٹھنڈا نہ ہوا۔

اس موقع پر موجود عوامی اور مذہبی حلقوں نے اس واقعہ کی مذمت بھی کی ہے۔ ملتان کی نشتر میدیکل یونیورسٹی کے نئے وانس چانسلر کے لئے انٹرویو مکمل کرکے 3 نام وزیراعلیٰ کو بھجوادیئے گئے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی اداراے کے سربراہ کو وائس چانسلر نہیں بنایا جائے گا۔میونسپل کارپوریشن ملتان کے اجلاس میں شور شرابے اور نعرے بازی کی وجہ سے ایجنڈا منظور نہ کروایا جاسکا جبکہ لیگی اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرمی کی وجہ سے بھی اجلاس جاری نہیں رہ سکا۔

اپوزیشن رہنماؤں نے فنڈز نہ ملنے کا شکوہ کیا ہے اور کہا ہے کہ نا اہل صوبائی وزیر کے حلقے میں فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر رانا نعیم نے کہا کہ اپوزیشن ارکان رات کے اندھیرے میں میئر سے فنڈز لیتے ہیں۔ میئر نوید ارائیں نے اپوزیشن کے اس الزام کی تردید کی کہ ان کو سینٹری ورکرز نہیں دیئے گئے۔ دوسری طرف میئر اور ڈپٹی میئر کے درمیان بھی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جس کی وجہ سے کارپوریشن گزشتہ دس ماہ میں کچھ بھی ترقیاتی کام نہیں کراسکی۔

شہر میں صفائی کی صورت حال ناقص ہے اور اپوزیشن اراکین کو فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے مختلف یونین کونسلوں کے حالات بھی ابتر ہوتے جارہے ہیں۔ اراکین کا کہنا ہے کہ میئر دوسروں سے ڈکٹیشن لینا بند کریں اور معاملات کو اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق چلائیں۔ ملتان میں جلسہ عام اور ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 25 دسمبر تک حکمرانوں کو ان کے محلوں سے نکال دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف سپیشل سکیورٹی اجلاسوں میں (ن)لیگ کے ساتھ نہ بیٹھیں کیونکہ نااہل شخص کو پارٹی سربراہ بنانا آئین سے متصادم ہے۔ شیخ رشید احمد کے مطابق جنوبی پنجاب کے 25 ایم این ایز کی لسٹ ان کی جیب میں ہے جو مسلم لیگ (ن)کو جلد چھوڑنے والے ہیں۔ عوامی لیگ کے سربراہ کے مطابق غریب عوام پر جھوٹے اور بددیانت حکمران مسلط ہیں جن سے جلد چھٹکارا پانا نہایت ہی ضروری ہے ۔

شیخ رشید احمد نے اس موقع پر مزید کہا کہ ملتان میٹروکرپشن کا ریکارڈ نیب کو دیدیا گیا تو شہباز شریف بھی کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔ زکریا یونیورسٹی ملتان کے سنڈیکیٹ اجلاس میں فاضلاتی نظام تعلیم میں بدعنوانیوں پر ڈاکٹر اسحاق خانی کو پیڈا ایکٹ کے تحت 90 دن کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔ نئی تشکیل کی جانے والی کمیٹی بدعنوانی کے الزامات کی مکمل تحقیق کرکے 60 دن میں اپنی رپورٹ سنڈیکیٹ کو پیش کرے گی۔

ملتان میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے کے بعد زکریا یونیورسٹی میں تیاریاں مکمل کرنے کے بعد ڈی سی او کی نگرانی میں دوبارہ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انٹری ٹیسٹ کی بے ضابطگیوں اور طلبا وطالبات اور والدین کی پریشانیوں کے مدنظر سیاسی اور عوامی حلقوں کی طرف سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کا نظام ختم کردیا جائے تاکہ طلبا اور والدین اضافی اخراجات اور پریشانی سے بچ سکیں۔

ملتان سمیت پنجاب بھر میں سرچ آپریشن اور سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں، مختلف علاقوں میں کئے جانے والے آپریشن کے نتیجے میں جواریوں اور مشکوک افراد سمیت متعدد لوگوں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جارہی ہیں۔ ملتان، وہاڑی، خانیوال اور جنوبی پنجاب کے ضلع لودھراں میں زہریلے پانی سے اگائی گئی 126 ایکڑ پر کھڑی سبزیاں تلف کردی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کے مطابق زہریلے پانی سے اُگنے والی سبزیاں خطرناک بیماریوں کا سبب بن رہی تھیں، اس لئے انہوں نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سبزیاں تلف کرادی ہیں تاکہ عوام کو خطرناک اور زہریلی بیماریوں سے بچایا جاسکے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Jnobi Punjab me Security High Alert is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 07 November 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.