موجی کہیں کا

ہر علاقے کا ریٹ ہے اور ریٹ طے کرنے کا طریقہ ہے جیسے یہاں پنجہ مارنے کا مطلب ہے پچاس روپے

Sadaf Zubairi صدف زبیری بدھ 9 اگست 2017

Maoji kaheeN ka
ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی صبح سات بجے کا وقت میں ہاسپٹل سے نکلی ٹیکسی والے واقعے کے بعد محتاط ہو چکی تھی سو رکشہ پکڑا اور یہیں اس دبنگ سے ملاقات ہوئی " بندے کو زبیر کہتے ہیں میڈم " میں مسکرائی مگر بندی کو کوئی دور دور تک میڈم نہیں کہتا اس نے ان سنی کر دی کوئی کلاس کا موجی تھا اپنی مستی میں گم " صدر میں رکشہ چلاتا ہوں چھ بہنیں ہیں، چار بیاہ دیں، دو کے جہیز کا دس لاکھ جمع کر رہا ہوں، پانچ ہو گیا پانچ رہتا ہے " ارے! تو بہنوں سے جاب کیوں نہیں کرواتے میرے استفسار پر وہ حیران ہوا بہنوں سے جاب؟ زبیر جیسے بھائی کی بہن نوکری کرے گی؟ میڈم جی زبیر کی زندگی میں تو یہ ہو گا نہیں ۔

۔۔ میں تو محتاط ہو کے رکشہ بھی صرف اسی لئے چلاتا ہوں کہ کل کلاں ہسپتال پہنچ گیا تو ماں بہن کو ہسپتال اکیلے آنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

۔۔ کسی سے لڑتا بھی اس لئے نہیں کہ خدا میری زندگی میں ماں بہن کو تھانے کی شکل نہ دکھائے ۔۔۔ یہ بازو ہیں نا۔۔۔۔ ان کے ہوتے کوئی فکر نہیں میں مسکرائی، اس نے نظر انداز کیا زبیر کو جتنے عیش کرنا تھے باپ نے کروا دیئے، اب تو حق ادا کرنے کا وقت ہے ساتھ ہی اس نے سامنے سگنل پر کھڑے ٹریفک پولیس کو پنجہ کھول کے سلام مارا اب یہ سلام کرنے کا کون سا طریقہ ہے؟ یہی تو طریقہ ہے میڈم جی! یہ کل کے بچے کیا جانیں رکشہ وہ بھی کراچی میں چلانے کا فن ۔

۔۔۔ ہر علاقے کا ریٹ ہے اور ریٹ طے کرنے کا طریقہ جیسے یہاں پنجہ مارنے کا مطلب ہے پچاس روپے ۔۔۔ ....... کے علاقے میں کھل کر رشوت کا نہیں بول سکتے تو وہاں کوئی روکے تو بولو نمبر دوں کیا؟ اس کا مطلب ہوتا ہے آپ تک پیسے پہنچ جائیں گے ۔۔ ............ کے ایریا میں ہمارا کوڈ ہے دو انگلیوں سے وکٹری کا نشان بنا کر بولتے ہیں دیکھ لوں گا تجھے ۔۔۔۔ مطلب بیس روپے ۔

۔۔ ہر ایریا کے کوڈ اور پیسے مخصوص ہیں جو علاقے میں آکر ان کابندہ لے جاتا ہے یہ کوڈ اور پیسے صرف پروفیشنل رکشے والوں کو ہی پتا ہیں۔۔۔۔ اب آپ نے پیچھے دیکھا میں نے مین روڈ چھوڑ کر سروس روڈ پکڑا کیونکہ یہ جو ٹریفک سارجنٹ ہے یہ رشوت نہیں لیتا اور کاغذ چیک کر کے سیدھا چالان کاٹ دیتا ہے اس سے ہر کوئی ڈرتا ہے مجھ سمیت لیکن اس کی عزت بھی کرتے ہیں سارے ۔

۔۔ اتنے خوبصورت موسم میں اتنی خوبصورت معلومات میرا دل واقعی خوش تھا " تو زبیر بھائی ایک تو آپ کی اردو اور لہجہ بہت اچھا ہے دوسرے آپ رکشے سے اتنا کما لیتے ہیں کہ اچھے سے گزارہ ہو جائے؟؟ " اردو تو اس لئے اچھی ہے کہ ایک تو ہم اردو سپیکنگ ہیں، دوسرے والد صاحب کو پڑھنے پڑھانے کا شوق تھا تو زبان ٹھیک کرتے رہتے تھے، دوسری بات گزارے والی تو میں تو سب کما کر ماں کے ہاتھ میں رکھ دیتا ہوں، بیوی بھی اچھی ملی، گھر کی طرف سے سکون ہے، صبح فجر پڑھ کر نکلتا ہوں، دوپہر کو گھر جا کر چند گھنٹے آرام اور رات عشاء کے بعد گھر۔

۔۔۔ اوپر سےمیرا ایمان ہے سواری کو کبھی بے وقوف مت سمجھو، جو جائز ہو وہ لوتو بس پہیہ کبھی رکتا نہیں ۔۔۔ میرا گھر آگیا تھا زبیر بھائی کی زندگی کا ایک اور سفر بھی طے ہوا اترتے وقت میں سوچ رہی تھی اتنا قحط الرجال بھی نہیں اب اور یہ کہ خدا کو خوب پتا ہے کہ کس بورنگ منظر پر کون سا سٹروک لگا کر رونق پیدا کرنی ہے اور یہ کہ فیس بک والے زبیر بھائی کا ایٹیٹیوڈ دیکھ لیں تو مجھے بھول جائیں اور یہ کہ زندگی چاردیواری کے منجمد مناظر سے کہیں زیادہ سڑکوں پردوڑتے پہیوں میں رواں اور دلکش ہے اور یہ کہ ۔۔۔۔۔۔۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Maoji kaheeN ka is a social article, and listed in the articles section of the site. It was published on 09 August 2017 and is famous in social category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.