نئی سیاسی صف بندیاں

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ ہفتے اپنے دو روزہ دورہ رحیم یار خان کے دوران مقامی سکول کے گراوٴنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا حاضری کے اعتبار سے اس جلسے کو ایک بڑا جلسہ قرار دیا جا سکتا ہے لیکن امیر جماعت اسلامی اس جلسے سے اپنے ایک گھنٹے سے زائد خطاب کے دوران حیران کن طور پر اپنے جماعتی کارکنوں کو کوئی واضح لائحہ عمل یا پیغام نہیں دے سکے

ہفتہ 8 اپریل 2017

Nayi Siasi Safbandiyaan
احسان الحق:
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ ہفتے اپنے دو روزہ دورہ رحیم یار خان کے دوران مقامی سکول کے گراوٴنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا حاضری کے اعتبار سے اس جلسے کو ایک بڑا جلسہ قرار دیا جا سکتا ہے لیکن امیر جماعت اسلامی اس جلسے سے اپنے ایک گھنٹے سے زائد خطاب کے دوران حیران کن طور پر اپنے جماعتی کارکنوں کو کوئی واضح لائحہ عمل یا پیغام نہیں دے سکے۔

توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ پانامہ سکینڈل کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی نے اس جلسے میں حکمران جماعت کو آڑے ہاتھوں لیں گے لیکن غیر متوقع طور پر سینیٹر سراج الحق نے اپنی تقریر کے دوران پانامہ سکینڈل سمیت کسی بھی اہم قومی ایشوز جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی سعودی اتحادی افواج کے سربراہ کی حیثیت سے تعیناتی، غیر معمولی لوڈ شیڈنگ کے علاوہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری جیسے ایشوز کا بھی ذکر نہ کیا اور ایک روائتی تقریر کرتے ہوئے امیروں کے گھوڑے ائیر کنڈیشنرز جبکہ غریبوں کے سخت گرمی میں رہنے جیسی باتیں کرتے رہے۔

(جاری ہے)

توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ عرصہ دراز بعد کسی بھی امیر جماعت اسلامی کے رحیم یار خان میں ہونے والے جلسے کے دوران سینیٹر سراج الحق پانامہ کیس کے متوقع فیصلے کے نتیجے میں مستقبل قریب میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے کارکنوں کو ان انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری بارے کسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے لیکن حیران کن طور پر امیر جماعت اسلامی نے مستقبل کی انتخابی سیاست بارے اپنی تقریر میں کوئی ذکر نہیں کیا۔

جس سے بہرحال کارکنوں میں ایک مایوسی سی دیکھی گئی تاہم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر انوار الحق نے جو قبل ازیں آئندہ عام انتخابات میں اپنی روائتی نشست پی پی 293 سے حصہ نہ لینے کا عندیہ دے رہے تھے۔ انہوں نے بڑی شدومد سے اسی نشست سے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا اور اپنی تقریر کے دوران انہوں نے شہر میں قبضہ گروپ کی جانب سے کی جانے والی ”کارروائیوں“ کو بھی خوب حرف تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ۔

کہ وہ شہر کے وسط میں قائم اہم ترین سرکاری عمارتوں اور زمینوں پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ جماعت اسلامی انہیں کبھی بھی ان عمارات اور زمینوں پر قبضہ کرنے نہیں دے گی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے دو روزہ دورہ رحیم یار خان کے دوران جماعت کی مقامی قیادت نے انہیں صحافیوں سے ملاقات کا موقع نہ دیا جس کے باعث بھی امیر جماعت اسلامی کے اس دورہ کے حوالے سے کوئی بڑی خبر یا ”بریکنگ نیوز“ سامنے نہ آ سکی۔


الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری مردم شماری کے تناظر میں جولائی 2017ء میں نئی حلقہ بندیوں کے اعلان کے باعث رحیم یار خان میں قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں کے متوقع اضافے کے باعث ضلع بھر میں کئی نئے سیاست دان جنم لے رہے ہیں۔ جبکہ بعض سیاست دان جو قبل ازیں یونین کونسلز کے چیئر مین منتخب ہو چکے ہیں وہ اب صوبائی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبران قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں۔

رحیم یار خان شہر سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 293 جہاں سے 2003ء اور 2008ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار انجینئر جاوید اکبر ڈھلوں کامیاب ہوئے تھے لیکن 2013ء کے عام انتخابات میں وہ یہ نشست ن لیگ کے امیدوار سے ہار گئے تھے۔ تاہم اب اطلاعات کے مطابق اس نشست سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک مضبوط امیدوار صفدر خان کانجو کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ظاہر کی جار ہی ہے۔

کہ اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آئے گا۔ اسی طرح پی پی 292 سے بھی شہر کی ممتاز کاروباری شخصت اور مختلف ملکی کاروباری تنظیموں نے فعال کردار ادا کرنے والے عبدالروٴف مختار نے بھی آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم انہیں اس نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار مولوی طارق چوہان کے مقابلے میں پارٹی ٹکٹ لینے میں سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Nayi Siasi Safbandiyaan is a political article, and listed in the articles section of the site. It was published on 08 April 2017 and is famous in political category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.