جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع

بھارتی سازشوں کا واحد توڑ

پیر 10 اکتوبر 2016

General Raheel Sharif Ki Muddat e Mulazmat Main Tosee
یاخلیجی :
چند روز قبل پاکستان مسلم لیگ ق بلوچستان کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور صوبائی تنظیمی امور کمیٹی کے کنوینرمیر شوکت بلوچ نے ایک ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کامطالبہ کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔

مسلم لیگ ق بلوچستان کا موقف ہے کہ ملکی حالات کی سنگینی بھارتی مداخلت ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بلوچستان کی صورتحال سمیت پاک چین اقتصادی راہداری کی مدنظر رکھتے ہوئے یہ ملک وقوم کے عظیم ترمفاد میں ہوگا کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی جائے کیونکہ ان کی قیادت میں پاک فوج ، ایف سی اور پوری قوم پرعزم ہے اور ایک ولولہ وجوش پایاجارہا ہے اور خدشہ ہے کہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائر منٹ یہ جوش وجذبہ ماند پر سکتا ہے مسلم لیگ ق بلوچستان کی اس پریس کانفرنس کی خاص اور اہم بات یہ بھی تھی کہ عمران خان کی موجودہ تحریک اور رائے ونڈ جلسے کی شدت مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ حکومت کو مزید مدت کیلئے کام کرنے دیا جائے اور 2018 ء کے الیکشن میں عوام خود ہی فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق پورے ملک میں اس وقت سب سے فعال صوبہ بلوچستان میں ہے جہاں اس کی 5صوبائی اسمبلی ایک سینٹ کی نشست اور 7اضلاع میں ضلعی حکومتیں موجود ہیں۔ مسلم لیگ ق کو بلوچستان میں فعال ومنظم رکھنے کا سہراپارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کے سرہے جو صوبائی وزیر بھی ہیں۔
جعفر مندوخیل نے مسلم لیگ ق کو 2013ء کے عام الیکشن کے فوری بعد حکومت کی تشکیل سے قبل ہی مسلم لیگ ن کے قریب لانے اور مضبوط اتحادی بنانے میں اہم اور مرکزی کردار اداکیا اور یہ ان کی سیاست کاکمال ہے کہ چوہدری براور ان کی ناراض نہیں ہونے دیااور نواز شریف کو اس اتحاد پر راضی کیا میاں صاحب کو آج جعفر مندوجیل پر نہ صرف اعتماد ہے بلکہ ان سے بعض امور پر مشاورت بھی لی جاتی ہے۔

مسلم لیگ ق بلوچستان کی جانب سے جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے دیے جانے والے دلائل بھی نہایت معقول ہیں۔ا گردیکھا جائے تو واقعی اس بات کی ضرورت ہے کہ پاک فوج کے سربراہ راحیل شریف مزید تین سال کیلئے کمان سنبھالے رکھیں۔ بھارتی عزائم پاکستان کیلئے بہت خطرناک ہیں۔ بھارت نے انتہائی چالاکی سے افغانستان کو ہم سے دور کرکے اپنا لیا اور افغانستان میں مکمل پنجے گاڑ چکا ہے جس کا بنیادی مقصد بلوچستان کو غیر مستحکم اور امن امان کی صورتحال کو تباہ کرنا ہے ۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بھارت نے ایک نئی حکمت عملی کے تحت پشتون بیلٹ میں بھی نوجوانوں کو غیر محسوس انداز میں پاکستان سے متنفرکرنا شروع کررکھا ہے ۔
پاکستان میں باربار مارشل لاء سے جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکی اور اس کی پختگی کیلئے وقت درکار ہے ۔ پاکستان میں اس وقت ضرب عضب کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں جاری ہے۔

پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پاکستان کی مضبوط معیشت اور اقتصادی ترقی کی ضمانت ہیں جس سے بلوچستان میں بھی برسوں کی پسماندگیوں اور محرومیوں کا ازالہ ہوگااور ترقی وخوشحالی کے ایک نئے دورکاشاندار آغاز ہوگا تاہم اس منصوبے کے خلاف بھی بھارتی سازشیں عروج پر ہیں۔
بلوچستان کی طرح پوری قوم اتفاق رائے سے یہ چاہتی ہے کہ جنرل راحیل شریف مزید تین سال پاک فوج کی کمان سنبھالے رکھیں اور اس مقصد کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف پاکستان کے عظیم تر مفاد میں اور موجود ہ حالات کی سنگینی کوسمجھتے ہوئے جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع دیں۔

ہرچند یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ جنرل راحیل شریف خود بھی توسیع کے حق میں نہیں اور نہ ہی کوئی اور عہدہ لیں گے مگروزیراعظم قوم کی خواہشات اور حالات کے تناظر میں راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع لینے پر رضا مند کریں کیونکہ پاکستان دشمن عناصر ہمارے شیردل سپہ سالار سے بڑی حدتک خوفزدہ ہیں اور جنرل راحیل شریف کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے آپ کو متنازعہ نہیں بنایا اور یہ بھی ان کیلئے ایک اعزاز ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ان کی قدرواحترام کرتی ہیں۔

انہوں نے پاک فوج پر عوام کا بھرپور اعتماد بھی انہوں نے بحال کردیا ہے اور عوام کو اب فوج سے محبت ہے اور انہوں نے فوج سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات بھی اٹھائے ۔ لہٰذا وزیراعظم نواز شریف پاکستانی قوم کی خواہشات اور پاکستان کی ضرورت کو ضرور محسوس کریں کیونکہ ملکی حالات اس وقت انتہائی نازک ترین موڑ پر پہنچ چکے ہیں اور بھارتی لابی بھی سازشوں کا جال پھیلارہی ہے اور پوری کوشش کررہی ہے خطے میں اور بین الاقوامی طور پر پاکستان کوالگ کردیں اور پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دے دیں حال ہی میں بھارت اپنی اس سازش میں بھی کامیاب ہوا کہ میں اس نے بھوٹان، افغانستان اور بنگلہ دیش کو اپنے ساتھ ملاکر اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی کرا دیا ۔

دوسری جانب پاکستان کسی بھی صورت کشمیر سے الگ تھلگ نہیں رہ سکتا ہے کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ بلوچ وپشتون قبائل اس عزم کا واضح اظہار کرچکے ہیں کہ بھارتی جارحیت کی صورت میں وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ۔ ان قبائل کابھی مطالبہ ہے کہ جنرل راحیل شریف کی قیادت کاتسلسل ملک وقوم کی ضرورت ہے لہٰذا اس ضرورت کو ہر سطح پر محسوس کیا جائے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

General Raheel Sharif Ki Muddat e Mulazmat Main Tosee is a political article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 October 2016 and is famous in political category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.