صوبائی حکومت کیلئے باعث تشویش

جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات محکمہ اوقاف کی غفلت‘ ملتان کے دربار خستہ حالی کا شکار ہو گئے

جمعہ 4 اپریل 2014

Sobai Hakomat K Liye Bais e Tashveesh
اظہر سیلم مجوکہ :
جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات جہاں حکومت کے لیے باعث تشویش ہیں وہاں سول سوسائٹی اور متاثرہ خاندانوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ مظفر گڑھ اور جتوئی میں حالیہ ہونے والے واقعات پر احتجاج کے طور پر متاثرہ خاندانوں نے ملتان پریس کلب ریلی نکالی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف کار روائی نہ ہونے اور با اثر افراد کی پشت پناہی کی وجہ سے تشدد کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراوعظم کو جنوبی پنجاب میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی اس حوالے سے اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر ضلع مظفر گڑھ کی طالبہ خود سوزی کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم بھی اپنا کام مکمل کر کے واپس لاہور چلی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیم نے مختلف افراد سے بیانات بھی لئے ہیں اور حقائق کی روشنی میں رپورٹ مرتب کر کے سپریم کورٹ میں پیش کر دی ہے۔


تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت کی قومی پرچم لہرانے نے پابندی پاکستان دشمنی پر مبنی ہے۔ مخدوم جاوید ہاشمی کے مطابق حسینہ واجد کی حکومت اس قسم کے اقدامات سے بنگالیوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماوں پر بھی عرصہ حیات تنگ کر دیا گیاہے۔

مخدوم جاوید ہاشمی کے مطابق حکومت ماضی کی پالیسیوں سے سبق حاصل کرے اور بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے فراخد لی کا مظاہرہ کرے۔ تحریک انصاف کے ایک اور سینئر رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات کا مرحلہ بخوبی انجام پاگیا تو یہ حکومت کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مطابق ایک ایک بال کی کمنٹری کرنا مذاکرات کے لئے سود من ثابت نہیں ہو گالہٰذا حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


ضلع وہاڑی سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ(ن) کے رہنما سعید منہیس کا کہنا ہے کہ توانائی بحران کا مستقبل حل کالا باغ ڈیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قائدین اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تو اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔سعید منہیس نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ انہوں نے تحصیل میلسی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے کے لئے اربوں روپے کی گرانٹ منظوری کرائی ہے۔


صوبائی وزیر جیل خانہ جاات عبدالوحید ارائیں نے بھی جنوبی پنجاب کے شہریوں کو نوید سنائی ہے کہ وزیر اعلیٰ نے ملتان کی سڑکوں کے لئے 5ارب کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔عبدالوحید ارائیں کے مطابق وہاڑی، بہاول پور، ڈبل پھاٹک اور ناگ شاہ روڈ کو مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ میٹروبس منصوبہ ختم نہیں کیا گیا بلکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس منصوبے کے اجراء کے بعد فیصل آباد اور ملتان میں میٹروبس کے منصوبے پر جلد کا م شروع کر دیا جائے گا۔


ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کی اپیل پر ملتان میں بھی نو جوان ڈاکٹروں کی طرف سے احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پورے صوبے میں احتجاج کا سلسلہ بڑھا دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ینگ ڈاکٹروں کے معاملات نپٹانے کے لئے فوری قدم اٹھانا چاہیے تاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو پیش آنے والی پریشانی سے نجات دلائی جا سکے دوسری طرف صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کی طرف سے کالج لیکچررز کو مستقل کرنے کی یقین دہانی پر ریلی کی کال واپس لے لی گئی ہے۔


ضلع مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کبیر والہ اور خانیوال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہاہے کہ قومی سلامتی بل کا مقصد قوم ، فوج اور مدارس میں خلیج پیدا کرنا ہے۔ جمشید دستی نے مزید کہا کہ امن مذاکرات کے حوالے سے انہیں کوئی زیادہ خوش فہمی نہیں ہے کیونکہ حکمرانوں کی نیت میں فتور ہے۔ جمشید دستی نے کہا ہے کہ ان کا بس چلے تو ظالم جاگیرداروں کا اُلٹا لٹکا دیں۔

جمشید دستی کے مطابق وہ سرمایہ دار اور جاگیردار طبقے کے خلاف میدان عمل میں اترنے کے لئے سیاست میں آئے ہیں اور غریب طبقے کی آواز اسمبلی کے ایوان میں اٹھانے سے باز نہیں آئیں گے۔
محکمہ اوقاف کی غفلت کے باعث ملتان کے دربار خستہ حالی کا شکار ہو گئے ہیں سالانہ کروڑوں روپے کی آمدن کے باوجود دور دراز سے آنے والے زائرین کو خاطر خواہ سہولیات بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔

معلوم ہوا ہے کہ دربار حضرت بہاوٴالدین زکریا کی کئی سال پرانی والرنگ بھی تبدیل نہیں کی گئی۔ اولیاء اللہ کے شہر ملتان کے مزار اپنی قدامت اور طرز تعمیر کی وجہ سے دنیا بھر کے آنے والے سیاحوں اور سندھ کے زائرین کے لیے دلچسپی اور عقیدت کا باعث ہیں ۔ محکمہ اوقاف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ملتان کے مزارات کی خستہ حالی دور کرنے کے لئے فوری اور عملی اقدامات کرناہوں گئے۔


محکمہ صحت کی غفلت اور چشم پوشی کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں ادویہ کی مصنوعی قلت پیدا کر کے لوٹ مار کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ ادویہ ساز کمپنیوں کی فیلڈ فورس اور تقسیم کاروں کی ملی بھگت سے بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے غریب شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے اور ادویات کو مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے۔ ملتان کی زکریا یونیورسٹی کے لاہور میں سب کیمپس کے منصوبہ میں مبینہ بدعنوانی اور قواعد و ضوابط میں خلاف ورزی کا کیس نیب کے سپر دکر دیا گیا وائس چانسلر سے منصوبہ کا مکمل ریکارڈ طلب کی کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر زکریا یونیورسٹی کے پروفیسروں پر مشتمل تین درجن سے زائد افراد کو اظہار نا پسندیدگی کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کی طرف سے مختلف کالجوں کے پرنسپل حضرات ، چئیرمین اور مختلف شعبہ جات کے انچارجوں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ سینئراساتذہ کی طرف سے اظہار تشویش کیا گیا ہے اور ان کہ کہنا ہے کہ تقریب میں شرکت بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا اور شدید بد انتظامی پر بھی توجہ نہیں دی جاتی۔

شہر کے تعلیمی سماجی عوامی اور سیاسی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر سے یونیورسٹی کے معاملات بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ پی پی کے بانی اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں شرکت کرنے کے لئے جنوبی پنجاب سے متعدد قافلوں کی گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شرکت کے لیے پروگرام ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب پی پی کے رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ 5اپریل کو بھٹو کی برسی پر کارکنوں کے قافلے گڑھی خدا بخش جانے کے لئے بے تاب ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Sobai Hakomat K Liye Bais e Tashveesh is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 04 April 2014 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.