رمضان میں امن قائم رکھنے کیلئے غیر معمولی اقدامات!

پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ماہ رمضان میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں۔ دہشت گردوں کی جانب سے جاری کارروائیوں کے تناظر میں خفیہ اداروں نے اطلاع کی ہے کہ ماہ رمضان میں دہشت گردی کے خطرات ماضی کی نسبت زیادہ ہیں

بدھ 31 مئی 2017

Ramzan Main Aman Qaim Rakhne K Liye Gair Mamooli Iqdamat
احسان شوکت:
پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ماہ رمضان میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں۔ دہشت گردوں کی جانب سے جاری کارروائیوں کے تناظر میں خفیہ اداروں نے اطلاع کی ہے کہ ماہ رمضان میں دہشت گردی کے خطرات ماضی کی نسبت زیادہ ہیں۔جس پر حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے ماہ رمضان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں پر قابو پانے اورامن وامان کی فضاء قائم رکھنے کے لئے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں۔

پولیس نے اس بار رمضان المبارک کے تینوں عشروں کا سکیورٹی پلان مختلف بنایا ہے۔ جس میں پہلے اور دوسرے عشرے میں مساجد و امام بارگاہوں جبکہ تیسرے عشرے میں مارکیٹوں ، اعتکاف ودیگر حساس مقامات کا سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

صوبے کی 33839مساجداور 2296امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کے لیے 83824جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے جن میں 2965افسران اور 21746اہلکار جبکہ45944رضاکاراور 13169پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔

صوبے میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے20249میٹل ڈیٹیکیٹر اور 1713واک تھرو گیٹس بھی استعمال کیے جائیں گے ۔ حساس کٹٹیگری کی مساجدو امام بارگاہوں کو تین کٹٹیگری اے، بی اورسی میں تقسیم کر کے ان کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشنز بھی تیز کئے جا رہے ہیں۔آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن ریٹائرڈ عثمان خٹک نے کہاہے کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں ،صوبے کے تمام رمضان بازاروں اور مختلف مقامات پر لگائے جانے والے دستر خوانوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے۔

تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات کی گئی ہے کہ تمام اضلاع میں رمضان کا سیکورٹی پلان اپنی نگرانی میں تشکیل دیں اوراپنے اپنے زیر انتظام اضلاع کے ہوٹل ، سرائے اور گیسٹ ہاوسز کی چیکنگ کو یقینی بناتے ہوئے چیک کئے گئے ہوٹلز کی تفصیلات آئی جی آفس کو ہرصورت بھجوائیں۔ تمام اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں پر ماہِ رمضان کے دوران گاڑیوں کی چیکنگ پربطور خاص توجہ دی جارہی ہے اور تمام اضلاع کے حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ماہ رمضان کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیاجائے اور ڈی آئی جی ٹریفک بذات خود اس پلان کی تیاری اور عمل در آمد کی نگرانی کریں۔ ڈی پی اوز کوہدایات کی ہے کہ دوران رمضان نماز فجر، افطار اور نماز تراویح کے اوقات میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدامات کیے جائیں اور سیکورٹی ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کی بریفنگ اور مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کیلئے خاص توجہ دی جائے اور اس مقصد کیلئے محنتی اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں پر مشتمل خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں۔

حساس کٹٹیگری کی مساجدو امام بارگاہوں کی سیکورٹی کیلئے چھتوں پر بھی اہلکاروں کو تعینات کیاجائے جبکہ بی اورسی کٹٹیگری کی مساجداور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کیلئے مساجد کمیٹیوں اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے نوجوان رضاکار لے کر انہیں نمازیوں کی سرچ کے لیے استعمال کیا جائے اور ہر نمازی کو مکمل تلاشی کے بعد مسجد اور امام بارگاہ میں داخل ہونے دیاجائے۔

مساجد و امام بارگاہوں میں آ نے جانے کیلئے ایک ہی راستہ استعمال کیا جائے اور ایک سے زیادہ داخلی اور خارجی راستے نہ رکھے جائیں۔کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور(سی سی پی او) ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے رمضان المبارک کاسکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ جو ہر لحاظ سے جامع اور مفصل ہے جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے بھی مانیٹرنگ میں لاہور پولیس کی مدد کریں گے۔

سحری ، افطاری اور خاص کر نماز کے اوقات میں پولیس کے اسپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جارہا ہے جن کی باقاعدہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں خصوصی تربیت کروائی گئی ہے۔ ڈولفن اور پیرو فورس کے جوانوں کو بھی انہی اوقات میں موئثر گشت اور چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ رمضان المبار ک کے پاک مہینے میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے چوکنارہیں اور چھوٹی سے چھوٹی معلومات بھی 8330 یا 15 پر ضرور دیں۔

سنیپ چیکنگ کے اسپیشل سکواڈ ز کے اہلکاروں کو خصوصی ہدایات اور تربیت دی گئی ہے۔جو ماہ رمضان میں امن وا مان قائم رکھنے کے لئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس رمضان المبارک کے دوران فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کیلئے متحد ہے اور تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سحر وافطار کے اوقات میں خود فیلڈ میں رہیں۔

نمازِ تراویح کیلئے خصوصی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ ڈولفن اورپیروکے جوان سحر و افطاری کے وقت خصوصی گشت کریں گے۔ ڈیوٹی پر مامور تمام جوانوں کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بریفنگ دے دی گئی ہے۔مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ ملاقاتیں اوررضاکاروں کی تربیت بھی کی گئی ہے۔ تمام ایس پیز نے مساجد وا مام بارگاہوں سمیت مارکیٹوں کے صدور کے ساتھ مل کر سکیورٹی معاملات طے کئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسرلاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں 1300سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سر انجام دیں گے۔شہر میں کل 31رمضان بازاروں پر 150سے زائد ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔نفری 2شفٹوں میں کام کر رہی ہے۔اس کے علاوہ رمضان بازاروں میں 100سے زائد پٹرولنگ افسران بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ٹریفک وارڈنز کو خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ رمضان المبارک کے دوران سڑکوں پر ریڑھی بانوں ، بھکاریوں ، تجاوزات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کریں۔رمضان المبارک میں سڑکوں پر افطاری کے اوقات میں ٹریفک دباؤ کی صورت حال سے نمٹنے کے لئے 7خصوصی ٹریفک رسپانس یونٹس بھی تشکیل دیئے گئے ہیں تاکہ شہریوں کواپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔

رمضان المبارک میں ٹریفک وارڈنز کی ویلفیئر کا بھی خصوصی پلان جاری کیاگیا ہے۔ ہر ٹریفک وارڈن کو افطاری کے وقت سے پہلے افطاری کا سامان پہنچا دیا جائے گا جس کے لئے الگ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے کہا کہسٹی ٹریفک پولیس لاہور نے شہریوں کی سہولت کی خاطر رمضان المبارک میں راستہ ایپ متعارف کرادی ہے۔

شہری اپنے اینڈرائیڈ فون میں راستہ ایپ انسٹال کرنے کے بعد نہ صرف ای لائسنسنگ، ای چالاننگ، ٹریفک کمپلینٹس، ای ٹیسٹ، قریب ترین لائسنس سنٹر کی لوکیشن، فیڈ بیک اورہیلپ لائن پر کال کر سکیں گے بلکہ گھر سے نکلنے سے پہلے روڈ پر ٹریفک سے متعلقہ تازہ ترین معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔ جس کی مدد سے نہ صرف شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ بہت ساری ایسی سہولیات حاصل ہوں گی جن کیلئے ان کودور دراز کے علاقوں میں جاکر گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔

ہماری پوری کوشش ہے کہ شہریوں کو رمضان المبار ک کے دوران سحر و افطار کے اوقات میں ٹریفک کی بہترین سروس مہیا کریں۔ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ افطارکے وقت جلد بازی کی بجائے صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں ا ور اپنی سروس کیلئے سڑکوں پر سخت گرمی میں کھڑے ٹریفک وارڈنز کے ساتھ قوانین پر عملدرآمد کرکے تعاون کریں۔ رمضان المبارک میں تعینات تمام ٹریفک وارڈنز آپریشن پولیس کے متعلقہ ایس پی، ایس ڈی پی اوز او ر ایس ایچ اوز سے رابطہ میں رہیں گے تاکہ کسی بھی جگہ ٹریفک دباؤ کی صورت میں باہمی کوآرڈینیشن سے معاملات طے کئے جاسکیں۔

غرض پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں کا دعویٰ ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر قابو پانے اورامن وامان کی فضاء قائم رکھنے کے لئے اپنے تما م وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکورٹی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Ramzan Main Aman Qaim Rakhne K Liye Gair Mamooli Iqdamat is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 31 May 2017 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.