پاکستان کے خلاف یکطرفہ جنگ

امریکہ کی سرپرستی میں بھارت اور افغانستان نے پاکستان کے اندر ”جنگ“ شروع کررکھی ہے آئے روز سفارتی محاذ پر اور سرحدوں کے اندر اور باہر پاکستان کو نقصان پہچانے کی کوششوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ چند روز پہلے امریکہ نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم پاکستان کے اندر بھی کارروائی کریں گے۔ افسوس اس بات کا نہیں ہے کہ امریکہ نے دھمکی دی ہے

جمعہ 4 نومبر 2016

Pakistan K Khilaf Yaktarfa Jang
آغا امیر حسین:
امریکہ کی سرپرستی میں بھارت اور افغانستان نے پاکستان کے اندر ”جنگ“ شروع کررکھی ہے آئے روز سفارتی محاذ پر اور سرحدوں کے اندر اور باہر پاکستان کو نقصان پہچانے کی کوششوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ چند روز پہلے امریکہ نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ہم پاکستان کے اندر بھی کارروائی کریں گے۔ افسوس اس بات کا نہیں ہے کہ امریکہ نے دھمکی دی ہے افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان کے برسراقتدار لوگوں نے اس دھمکی کو سنا اَن سنا کر دیا۔

آپ کو یاد ہوگا مشرقی پاکستان میں جب بھارت نے دراندازی کی ہوئی تھی تب امریکہ نے ہماری امداد کے لئے ”ساتواں بحری بیڑہ“ بھیجا تھا جو بظاہر ہماری مدد کو آرہا تھا جبکہ اس کا اصل مقصد ”چین“ کو روکنا اور بھارت کی مدد کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس بار بھی بھارت وہی کچھ جو اس نے مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے کے لئے کیا تھا۔ اب پاکستان میں کرنا چاہ رہا ہے۔

اس نے پاکستان کے اندر ’را‘ کا ایک نیٹ ورک قائم کیا ہوا ہے۔ پربھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد افواج پاکستان نے اس نیٹ ورک کا بڑا حصہ برباد کر دیا ہے لیکن پاکستان میں پرانے کانگریسی اور پرانے و نئے لالچی حکمران جو پاکستان میں رہتے ، پاکستان کا کھاتے، اعلیٰ ترین عہدوں کا لطف اٹھاتے، بھارت کی کھلے عام حمایت کرتے اور پاکستان کی بہادر افواج کو زک پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

سنگین ترین الزامات پر خاموش رہتے ہیں لوٹ مار اور چوری کا جواب یہ دیتے ہیں کہ آپ بھی تو چور ہیں۔ اس کام کے لئے تین چار وزیروں کی ڈیوٹی صبح سے شام تک جھوٹ، جھوٹ اور صرف چھوٹ بولنے پر لگی ہوئی ہے۔ پاکستان کی اقتصادی صورت حال جعلی اعداد و شمار پیش کرکے ترقی یافتہ ملک ثابت کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جبکہ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے پیش کردہ اعدادو شمار مختلف ہیں۔

آئی ایم ایف کی MD کرسٹن لیگلرڈ نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف شفافیت اوراحتساب، پانامہ لیکس یا اور کچھ سچ سامنے آنا چاہیے وغیرہ مزے کی بات یہ ہے کہ کرسٹن لیگلرڈ نے یہ باتیں وزیر خزانہ کے منہ پر کہی ہیں۔ موٹروے، ریڈیو پاکستان اور دوسرے قیمتی اثاثے گروی رکھ کر مزید قرضوں کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔ یاد رہے امریکہ نے سوویت یونین کو اقتصادی طور پر گوربا چوف کے ذریعہ تباہ کیا تھا وہی کچھ اب پاکستان میں کیا جا رہا ہے۔

جو باتیں پچھلے دنوں ڈان اخبار کے ذریعہ لیکس یا فیڈ کی گئی ہیں اور جس کی وجہ سے حکومت اور افواج پاکستان کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں وہ بھی ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہیں۔ اب یہ سپریم کورٹ اور افواج پاکستان کے سوچنے کا کام ہے کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت، اقتصادیات اور اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہیں اور اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں یا اسی تنخواہ پر نوکری کرتے رہیں گے۔

ہم تو سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہے تو یہ بڑے بڑے عہدے ہیں، دنیا میں عزت ہے وقار ہے۔ بصورت دیگر بنگلہ دیش کی مثال آپ کے سامنے ہے۔ جہاں حسینہ واجد وزیراعظم سے لے کر سپریم کورٹ تک سب کے سب بھارت سرکار کے حکم کے تابع ہیں۔ پاکستان سے محبت رکھنے والے چاہے وہ 80 سال کے یا اس سے بھی بڑی عمر کے بزرگ ہوں انہیں تختہ دار پہ لٹکایا جا رہا ہے۔ بھارت کو ڈر ہے کہ کہیں بنگلہ دیش میں پاکستان سے دو بارہ اتحاد کی تحریک نہ شروع ہو جائے۔

ہندوؤں کا ذہن قائداعظم کی دور رس نگاہ نے سمجھ لیا تھا۔ اب بھارت کے مسلمانوں کی سمجھ میں بھی آگیا ہے گجرات کے بعد کشمیر میں بھارت جو کچھ کر رہا ہے سب کے سامنے ہے لیکن پاکستان میں جو لوگ اقتدار میں ہیں انہیں ابھی تک ہوش نہیں آیا وہ دانستہ وہی کچھ کر رہے ہیں جو قائداعظم کے مخالف مسلمان لیڈروں نے تقسیم سے قبل کیا تھا۔ ستر سال گزر گئے ہر رخ ہر پہلو سے بھارت کا چہرہ سامنے آچکا ہے۔

جب سے پاکستان بنا ہے وہ دن اور آج کا دن پاکستان کے اثاثے ہوں، بانڈری کمیشن ہو، سرکریک ہو، حیدر آباد دکن ہو، جونا گڑھ ہو، کشمیر ہو، اقوام متحدہ کی قراردادیں ہوں یا سندھ طاس معاہدہ ہو، بھارت کی کہہ مکرنیوں اور خلاف ورزیوں کی ایک طویل داستان ہے۔ اور اب اقتصادی راہداری کے منصوبے کے بعد امریکہ، برطانیہ، یورپ سب کے خواب بکھرتے نظر آرہے ہیں یہ منصوبہ چین اور پاکستان کا اقتصادی نقشہ بدل دے گا بلکہ اس پورے خطے کی خوش حالی کا ضامن ہوگا۔

اس لئے وہ تمام ممالک جن کی چوہدراہٹ خطرے میں ہے۔ وہ اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ۔ انشاء اللہ یہ منصوبہ اپنے شیڈول سے بہت پہلے مکمل ہوگا۔ پاکستان کے اندر اس وقت پاکستان دوست اور پاکستان دشمن یا بھارت نواز سیاسی جماعتوں میں دنگل جاری ہے اس کے اختتام کا وقت آگیا ہے۔ آئندہ چند روز بہت اہم ہیں انشاء اللہ پاکستان دشمن طاقتیں اپنے انجام کو پہنچیں گی پاکستان مملکت خداداد ہے پہلے سے زیادہ طاقت ور بن کر ابھرے گا۔ انشاء اللہ

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Pakistan K Khilaf Yaktarfa Jang is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 04 November 2016 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.