معصوم آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک

صوبائی دارالحکومت پرچھائی سوگوار فضا اورماتم کا ماحول اس قدر اندوہناک تھا کہ کسی سیاسی جماعت یاتاجرتنظیم کی جانب سے اعلان کئے بغیرتمام بازاراورکاروباری مراکزمکمل طور پر بندرہے۔

جمعہ 19 دسمبر 2014

Masoom Aahoo or Siskiyoon Main Supurd e Khaahk
ایم ریاض:
پشاورمیں آرمی پبلک سکول اینڈکالج پردہشت گردحملہ میں132طلبہ سمیت142افرادکی شہادت کے المناک واقعہ نے پورے ملک کودہلاکررکھ دیاہے۔ بدھ کی دوپہر آرمی پبلک سکول اینڈکالج کی عمارت میڈیاکیلئے کھول دی گئی جہاں ڈھائی جانے والی قیامت ظلم کامنہ بولتاثبوت پیش کر رہی تھی۔اوریہ بات واضح طورپرسامنے آئی کہ حملہ آوروں کاہدف سکول میں کسی کویرغمال بنانایااس کے نتیجہ میں کسی دوسرے مقصدکاحصول نہ تھابلکہ حملہ آوروں نے عمارت کے اندرخصوصااس ہال کو ہدف بنایا جہاں آٹھویں، نویں اوردسویں جماعتوں کے طلبہ کوابتدائی طبی امدادکے بارے میں تربیت دی جارہی تھی۔

دہشت گردوں نے سکول کی حدود میں داخل ہونے کے ساتھ ہی اندھادھندفائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں وسیع پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

بدھ کی صبح خیبرپختونخواپولیس کے کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین کی ایک ٹیم نے شواہداکٹھے کرکے تفتیش کاباقاعدہ آغازکیااوراب تک کی اطلاعات کے مطابق مختصروقت میں مختلف حساس اداروں نے اس المناک واقعہ کی تفتیش میں خاصی پیش رفت کرلی ہے ،یوں توشہری آبادیوں میں رونماہونے والے تخریب کاری کے ہرواقعہ اوراس کے نتیجہ میں ہونے والاجانی نقصان دکھ،صدمہ اوررنج کی شدت کے لحاظ سے سنگین ہوتاہے لیکن آرمی پبلک سکول اینڈکالج کے واقعہ کے دکھ کونہ صرف ہرپاکستانی بلکہ دنیابھرمیں درددل رکھنے والے ہرفردنے اسی شدت اورسنگینی کے ساتھ محسوس کیاکہ جیسے اس واقعہ میں شہیداورزخمی ہونے والاہربچہ ان کااپنابیٹا،بھائی یاعزیزتھا۔

صوبائی دارالحکومت پرچھائی سوگوار فضا اورماتم کا ماحول اس قدر اندوہناک تھا کہ کسی سیاسی جماعت یاتاجرتنظیم کی جانب سے اعلان کئے بغیرتمام بازاراورکاروباری مراکزمکمل طور پر بندرہے۔ یہاں تک کہ پشاورکے چائے خانوں اورکھانے پینے کی دکانیں بھی نہ کھولی گئیں۔شہرکے مختلف مقامات میں گذشتہ شب سے شروع جنازوں اورتدفین کاسلسلہ بدھ کے روز سارادن جاری رہا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رات پشاورمیں گزاری جہاں انہوں نے گذشتہ شب عسکری اہلکاروں کے جنازوں میں شرکت کی اوراس کے بعدہنگامی طور پر افغانستان روانہ ہوئے جہاں انہوں نے بین الاقوامی فورسزکے کمانڈراورافغان قیادت سے ملاقات کی۔ جس میں افغان سرزمین پرروپوش مولوی فضل اللہ اوران کی تنظیم کے خلاف کاروائی کامعاملہ اٹھایاگیا ہے۔ آرمی چیف کا اسی روز جاری ہونے والا بیان دہشت گردوں کیلئے واضح پیغام ہے جس میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے اس ناسور کے خاتمے کیلئے آخری دہشت گرد تک کا تعاقب کیا جائے گا۔


بدھ کے روزپاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنی جماعت کے مرکزی قائدین شاہ محمودقریشی، جہانگیر ترین اوردیگررہنماؤں کے ہمراہ پشاورپہنچے جہاں انہوں نے آرمی پبلک سکول کے شہداء کیلئے غائبانہ نمازجنازہ میں شرکت کی اس موقع پرعمران خان نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے گزشتہ روز گورنرہاؤس میں ملک کی تمام پارلیمانی جماعتوں کی قومی کانفرنس کی صدارت کی۔

ملک کی سیاسی وپارلیمانی قیادت کی موجودگی میں اس کل جماعتی ہنگامی کانفرنس کابنیادی مقصد المناک واقعہ کے تناظرمیں دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے قومی اتفاق رائے کاحصول تھا۔ اس ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت وزیر اعظم نے بالآخر دہشت گردوں کے کیخلاف آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنے کا علان کرتے ہوئے دہشت گردی میں ملوث ان مجرموں کیلئے سزائے موت سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ دے دیا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخواکے گورنرسردارمہتاب احمدخان کی میزبانی میں گورنرہاؤس پشاورمیں منعقدہ اس اہم قومی کانفرنس کا ایک خاص اوراہم نکتہ سیاسی قیادت کی بھرپورشمولیت ہے جس نے ان اہم فیصلوں کی متفقہ طور پر تائید کی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نوازشریف کی دائیں جانب قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف پیپلزپارٹی کے رہنماسیدخورشیدشاہ بیٹھے تھے توبائیں طرف سڑکوں پر احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان موجودتھے۔

اس کانفرنس سے سیاسی وجماعتی پالیسیوں،تضادات اوراختلافات کے باوجودملک کے عوام کے تحفظ کیلئے پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خاتمہ اورملک میں امن کے قیام کیلئے ملک کی قومی سیاسی قیادت نے بھرپوراتحادکا ثبوت دیا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ(ن)کے راجہ ظفرالحق،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان،جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق، چاروں کے وزراء اعلی اوردیگرجماعتوں کے رہنماء شامل تھے اجلاس تقریبا6گھنٹے تک جاری رہاجس میں ایک متفقہ اعلامیہ مرتب کیاگیاوزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے پریس کانفرنس کے دوران اس اعلامیہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ سانحہ پشاورکی بھرپورمذمت کی گئی یہ درندگی کاایساعمل تھاجس کی مثال نہیں ملتی دہشتگردی کے خلاف جنگ ہماری اپنی جنگ ہے جودہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشت گردکے مارے جانے تک جاری رہے گی۔

اس اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے ارکان اورقومی سلامتی سے متعلق اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کوسات روزکے اندرانسداددہشت گردی کیلئے ایک نیشنل پلان تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے وزیراعظم نے کہاکہ انٹیلی جنس نیٹ ورک کوموثربنایاجائے گا۔

جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں اچھے اوربرے کی تمیزنہیں برتی جائے گی اوردہشت گردی سے متعلق کیسوں میں سزاؤں کا عمل تیزترکردیاجائے گا۔انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت پرتمام شرکاء اورعمران خان کاخصوصی شکریہ اداکیااورکہاکہ سیاسی ا ختلافات کوجمہوری سوچ کے ساتھ حل کیاجاسکتاہے انہوں نے اس موقع پرعمران خان کوچائے کی دعوت دی انتخابی دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ اس کمیشن کے قیام کیلئے انہوں نے ازخودچیف جسٹس پاکستان کودرخواست کی ہے بدھ کے روزگورنرہاؤس پشاورمیں منعقدہ اس اہم قومی کانفرنس نے ملک بھر کو سیاسی قائدین کے مابین قومی ایشوزپرایک انتہائی مثبت پیغام دیاہے جس کے بعدپوری قوم یہ توقع کررہی ہے کہ یہ کانفرنس صرف نشستنداورگفتندتک محدودنہیں رہے گی بلکہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Masoom Aahoo or Siskiyoon Main Supurd e Khaahk is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 19 December 2014 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.