جرنلسٹ پینل نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ صدق دل سے کام کیا ہے، ندیم بسرا

الیکشن سے قبل ایف بلاک ممبران کو پلاٹوں کی تقسیم کر دی جائیگی، نئے ممبران کیلئے رائیونڈ،مناواں،سگیاں میں زمین کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، نائب صدر لاہور پریس کلب کاخصوصی انٹرویو

Sanaullah Nagra ثناء اللہ ناگرہ بدھ 23 ستمبر 2015

Nadeem Basra Interview
لاہور پریس کلب کے نائب صدر ندیم بسرا نے کہا ہے کہ جرنلسٹ پینل نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کیلئے صدق دل سے مثبت کردار ادا کیا ہے، جرنلسٹ پینل ماضی کی طرح آئندہ بھی ہر میدان میں صحافیوں کی حقیقی معنوں میں خدمت کر کے سرخرو ہوگا،پریس کلب کی تاریخ میں کرکٹ کا میگا ایونٹ منعقد کروا کے ایک نئی روایت قائم کی ہے کہ صحافی تنقید برائے اصلاح کے ساتھ کھیلوں جیسی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں، سپورٹس کمیٹی آئندہ سال ملک کی سطح پر تمام پریس کلبوں کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ کا میگا ایونٹ منعقد کروانے کا ارادہ رکھتی ہے ، آئندہ الیکشن سے قبل ایف بلاک کے ممبران کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹوں کی تقسیم کر دی جائیگی جبکہ2012ء میں بننے والے نئے ممبران کو بھی گھر جیسی سہولت فراہم کرنے کیلئے رائیونڈ،مناواں اورسگیاں کے قریب زمین کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 35لاکھ روپے کی گرانٹ سے ویلفیئر فنڈ قائم کیا جس کو ایک کروڑ تک بڑھانے کا عزم ہے، جرنلسٹ پینل نے پریس کلب کی تعمیرو ترقی اور ممبران کی فلاح کیلئے مخالفین کو بھی ہمیشہ ساتھ لیکر چلنے کی کوشش کی ہے لیکن مخالفین نے ہمیشہ پروپیگنڈہ پر مبنی منفی سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے "اردو پوائنٹ ڈاٹ کام"کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی میں 78کینال پر مشتمل جدید پارک مکمل ہو چکا ہے اسی طرح بی بلاک اور سی بلاک میں بھی تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔

جبکہ کالونی میں 300سے زائد صحافی اپنے گھر بنا کر رہائش پذیر ہوچکے ہیں جو جرنلسٹ پینل کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ2007ء میں 295 صحافیوں کو کلب کی ممبرشپ دی گئی اور ان سے پلاٹ دینے کا وعدہ کر کے ووٹ لیے گئے لیکن الیکشن کے بعد جب وعدہ پورا نہ کیا گیا توپھر جرنلسٹ پینل ہی تھا جس کی2012ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد صحافیوں کو پلاٹ دلوانے کیلئے کوششوں کے نتیجہ میں پنجاب حکومت نے ہربنس پورہ میں ممبران کیلئے مختص 30کروڑ روپے سے 180کینال 13مرلے اراضی الاٹ کی۔

صحافی کالونی پلاٹس قلم مزدور وں کیلئے پنشن کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ کلب کے ممبران کو معلوم ہے کہ صحافی کالونی میں قبضہ گروپوں کی بھر مار،عدالتی کاروائیوں اور حکومت کی طرف سے کالونی کے منصوبے کو کھٹائی میں ڈال دیا گیا تھا،اے بلاک،بی بلاک،سی بلاک اور ایف بلاک کے 500سے زائد متاثرہ ممبران اپنے پلاٹوں سے مایوس ہوچکے تھے۔

لیکن جرنلسٹ پینل اور پریس کلب کے صدرارشد انصاری کی مسلسل کوششوں کے باعث پنجاب حکومت اس منصوبے کیلئے دوبارہ آمادہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ پینل نے ممبران سے جب بھی کوئی وعدہ کیا پھرخلوص نیت اور عملی اقدامات سے ان وعدوں کو پورا کر دکھایا،یہی وجہ ہے کہ ممبران نے جرنلسٹ پینل پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے پریس کلب کا نائب صدر منتخب کیا ہے جو میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔

ندیم بسرانے کہا کہ لاہور پریس کلب کو ایک ماڈل پریس کلب بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے،پریس کلب میں سٹیٹ آف دی آرٹ کیفے ٹیریاکی تکمیل ایک عہد آفریں کارنامہ ہے جس نے کلب کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیئے ہیں پریس کلب کو ایک فیملی کلب بنادیا گیاہے جہاں پر ممبران اور ان کے اہلخانہ کی دلچسپی کیلئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے،اسی طرح سارا سال علمی،ادبی،ثقافتی اور کھیلوں جیسی سرگرمیاں بھی جاری رہتی ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ جرنلسٹ پینل دراصل صحافیوں کے لیے چھت کا درجہ رکھتا ہے جہاں پر صحافی خود کو محفوظ سمجھتے ہیں،آج اگر آپ جرنلسٹ پینل کے ٹریک ریکارڈ پر نظر دوڑائیں تو کلب میں ترقیاتی کاموں سے لیکر صحافی کالونی کے قیام،ممبران کی ممبرشپ سے لیکر صحافیوں کی انشورنس و دیگر فلاح و بہبود کے کاموں تک نظر آئیگا کہ یہ سارے کام جرنلسٹ پینل کے ادوار میں شروع ہوئے اور جرنلسٹ پینل نے ہی انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

نائب صدر لاہور پریس کلب نے کہا کہ ہم نے ممبران اور ان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کئی تعلیمی اداروں سے سکالرشپ کیلئے معاہدے کیے،اسی طرح صحافی کالونی میں پلاٹوں کی خریدوفروخت کیلئے ہم نے این او سی فیس بڑھا دی ہے تاکہ وہاں سے آنے والی رقم صحافیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاسکے۔ممبران کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کلب میں سیکورٹی کا بہترین نظام بنایاگیا ہے اور کلب کی حدود میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پریس کلب میں مکمل شفاف آڈٹ کا نظام موجود ہے اور ہر سال باقاعدہ آڈٹ کروایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2012ء میں بننے والے نئے ممبران کو گھر جیسی سہولتفراہم کرنا جرنلسٹ پینل کے منشور کاحصہ ہے جس کے پیش نظر رائیونڈ،مناواں یاسگیاں کے قریب زمین کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات بھی ہو چکی ہے۔

لاہور پریس کلب کے نائب صدر ندیم بسرا نے اپنے پروفیشنل کیرئیرکے بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15 برس سے میڈیا کے ساتھ منسلک ہیں الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا میں کام کرچکے ہیں نوائے وقت گروپ آف پبلیکیشنز کے وقت ٹی وی چینل کے پائینر بھی ہیں جہاں پرانہوں نے بزنس کے حوالے سے پروگرام" ان بزنس "اور سیاسی ٹاک شو" میٹ دی پریس "میں چار سال بطور اینکر کام کیا، پندرہ سال سے نوائے وقت گروپ میں بطور سینئر صحافی کام کر رہے ہیں،لاہور پریس کلب کے نائب صدر ہونے کے ساتھ چیئرمین سپورٹس کمیٹی کے عہدے پر بھی فائز ہیں ، آبائی شہر سمندری ،فیصل آبادہے،جہاں پر انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی، پنجاب یونیورسٹی لاہور سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرکیا ،اب لیڈز یونیورسٹی لاہور میں ایم فل کے طالب علم ہیں۔

زمانہ طالب علمی سے ہی کھیلوں سے وابستہ ہیں ،سمندری شہر میں 1994-96ء تین سال تک کرکٹ قائد اعظم ٹرافی اور ویلز کپ میں نمائندگی کرنے کااعزازبھی حاصل ہے ۔انہوں نے چیئرمین سپورٹس کمیٹی لاہور پریس کلب ہونے کے ناطے کلب ممبران کوکھیلوں جیسی ایک صحت مند سرگرمی فراہم کرنے کیلئے شب و روز محنت کرنے کے بعد رواں برس 28اگست تا 6ستمبر صحافیوں کیلئے وحدت روڈ گراؤنڈ میں"غوری ٹائرمیڈیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ "کے نام سے کرکٹ کا میلہ سجایا۔جس میں مختلف میڈیا ہاوٴسز کی 36کرکٹ ٹیموں نے حصہ لیا جبکہ پریس کلب کے 700 کونسل ممبران نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

Nadeem Basra Interview is an interview, and listed in the interviews section of the site. It was published on 23 September 2015 and is famous in interviews category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint interviews.