شیخ رشید کے تحفظات دور کریں گے، وزیراعلی پنجاب:
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2010ء)وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت وفاقی اور صوبائی اداروں پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے گی اور ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ ایوان وزیر اعلٰی لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شیخ رشید کو نہ صرف گھر پر مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی تھی بلکہ ان کے انتخابی جلسوں کے لئے بھی اقدامات کئے جاتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جب انتظامیہ کو بتائے ہوئے پروگرام سے ہٹ کر نکلے تو ناخوشگوار واقعہ پیش آ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید کو ایک ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ، ایک انسپکٹر، دو سب انسپکٹرز اور پینتیس کانسٹیبلز فراہم کئے گئے تھے جو کسی بھی امیدوار سے زیادہ سکیورٹی تھی۔ انہوں نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی نہ کی جائے۔