پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا:
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری۔2010ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد بورڈ کے نئے چیئرمین کے لئے مضبوط ترین امیدوار ہیں تاہم اس عہدے کے لئے سابق وفاقی وزیر کھیل اورموجودہ وفاقی وزیر پیر آفتاب شاہ جیلانی اور سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کا نام بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ کے سرپرست اعلیٰ اور صدر مملکت نے اعجاز بٹ کو کل (جمعرات) ایوان صدر میں طلب کیا ہے۔ استعفیٰ نہ دینے کا عندیہ دینے والے اعجاز بٹ کو اس ملاقات میں از خود مستعفی ہونے کا مشورہ دیا جائے گا تاہم ان کے انکار پر بورڈ کی چیئرمین شپ سے برخواست کئے جانے کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔