قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی الیکشن کمیشن کو انتخابات کے شیڈول کے اعلان تک اٹھارہ سال کی عمر کے افراد کے ناموں کا فہرستوں میں اندراج کرنے کی تجویز

جمعرات 23 اگست 2007 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2007ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ ووٹرز کی فہرستوں کو 4 ستمبر2007ء کی حتمی شکل دے دی جائے گی اور یہ فہرستیں اکتوبر کے وسط تک سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق شائع کردی جائیں گی ، مزید برآں نادرا کی طرف سے اب تک پانچ کروڑ اسی لاکھ افراد کو قومی شناختی کارڈز جاری کئے جاچکے ہیں ، یہ بات جمعرات کو یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو دی گئی بریفنگ میں بتائی گئی ، یہ اجلاس انتخابی فہرستوں کے (ترمیمی بل 2007ء) آرڈیننس نمبر 34 آف 2007ء اور ووٹرز کی فہرستوں اور قومی شناختی کارڈز کی تیاری کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقد ہوا ، اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئر مین ریاض فتیانہ کی صدارت میں منعقد ہوا ، کمیٹی نے اجلاس کے دوران انتخابی فہرستوں کے ترمیمی بل 2007ء آرڈیننس نمبر 34 آف 2007ء کو منظور کرنے کی متفقہ طورپر سفارش کی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ الیکشن شیڈول کے اعلان تک اٹھارہ سال کی عمر پوری کرنے والے تمام نوجوانوں کے نام بھی انتخابی فہرستوں میں شامل کئے جانے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کے اراکین بشری رحمن ، حامد ناصر چٹھہ ، منیر خان اورکزئی ، پیر محمد اسلم بودلہ ، سیدہ فرحانہ خالد بنوری ، امتیاز صفدر وڑائچ ، نفیسہ منور راجہ اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی نے شرکت کی ۔