بعض سرکاری اداروں نے لینڈ مافیا سے مل کر ہماری زمینوں پر قبضہ کیا‘ واگزار کرائی جائے‘ اوورسیز پاکستانیوں کی وفاقی حکومت سے شکایت۔ہماری ملکیتی اراضی کو قابضین سے واگزار نہ کرایا گیا تو آئندہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کرینگے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی دھمکی

جمعرات 30 اگست 2007 13:11

اسلام آباد(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین30 اگست 2007) اوورسیز پاکستانیوں نے مرکزی حکومت کو شکایت کی ہے کہ واپڈا اور دیگر کئی سرکاری اداروں نے لینڈ مافیا سے ملکر آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی بڑے شہروں میں موجود ہماری اربوں روپوں کی اراضی پر قبضہ کر لیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر زیر قبضہ اراضی کو واگزار کر کے مالکان کے حوالے نہ کیا گیا تو وہ آئندہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق یہ شکایت پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی پارلیمنٹ میں ہاؤس آف لارڈ کے تاحیات کشمیری نژاد رکن لارڈ نذیر احمد نے گزشتہ روز یہاں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و شمالی علاقہ جات اور دیگر حکومتی زعماء سے ہونے والی ملاقات میں تحریری طور پر کی ہے ذرائع کے مطابق درخواست پر میرپور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے برطانیہ میں رہنے والے ہزاروں افراد کے دستخط ہیں اور اس میں تحریر کیا گیاہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ان کی زمین واگزار نہ کرائی تو وہ نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری روک کر زرمبادلہ بھیجنا بند کر دیں گے بلکہ مستقبل میں اپنی آئندہ نسلوں کو بھی یہاں نہیں آنے دیں گے ہم نے محنت مزدوری کر کے یہ پلاٹ لئے تھے تاکہ عمر کا آخری حصہ اپنے وطن میں گزاریں گے مگر افسوس ہماری تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا ہے او رہماری زمینوں پر واپڈا سمیت کئی سرکاری محکموں نے لینڈ مافیا سے ملکر قبضہ کر لیا ہے ذرائع کے مطابق حکومتی زعماء سے ہونے والی ملاقاتوں کے دوران لارڈ نذیر احمد نے انھیں بتایا ہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں ان کے تین پلاٹوں پر واپڈا اور دیگر لینڈ مافیا کا قبضہ ہے اگر انھیں انصاف نہیں مل سکا تو عام لوگوں کا کیا حشر ہو گا ذرائع کے مطابق لارڈ نذیراحمد نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کے پلاٹوں پر سے قبضے نہ چھڑائے گئے تو وہ پاکستان میں آنا بھی چھوڑ دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :