سابق سیکرٹری قانون سعدیہ عباسی قواعد کے برعکس سپریم کورٹ کے جج کے مساوی مراعات وصول کیں‘ اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات دستاویزات میں انکشاف

پیر 27 اپریل 2015 07:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء) ملک میں قانون و انصاف کے تحفظ کی ذمہ دار سابق سیکرٹری قانون سعدیہ عباسی نے قانون و انصاف کی دھجیاں بکھیردیں ‘ پیپلزپارٹی دور میں سیکرٹری قانون کی حیثیت سے کام کرنے والی پی سی او جج سعدیہ عباسی سپریم کورٹ کے جج کے مساوی مراعات تنخواہ و دیگر الاؤنس وصول کرتی رہیں۔ اس بات کا انکشاف وزارت قانون و انصاف کی دستاویزات سے ہوا ہے جو پارلیمنٹ کی کمیٹی میں پیش کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سعدیہ عباسی سندھ ہائی کورٹ کی پٹیشن پر دیئے جانے والے فیصلے کے نتیجہ میں پی سی او جج سے فارغ ہوئیں تھیں آصف زرداری نے فاروق نائیک کی سفارش پر سعدیہ عباسی کو سیکرٹری قانون و انصاف تعینات کیا تھا۔ سعدیہ عباسی نے بطور سیکرٹری قانون دو سال کے عرصہ تک اہم عہدہ پر خدمات سرانجام دیں تاہم سابق جج ہونے کے باوجود قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج کے مساوی حکومت سے مراعات الاؤنس وصول کرتی رہیں ۔خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف حکومت نے سعدیہ عباسی سے کروڑوں روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے سعدیہ عباسی کے خلاف اعلیٰ پیمانے پر ایکشن لئے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :