ڈ پٹی ڈائریکٹر سول انجینئر پمز عبید اللہ خان کی انجینئرنگ کی ڈگری جعلی نکلی ،ترقی بھی دیدی گئی

پیر 27 اپریل 2015 07:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 اپریل۔2015ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ڈ پٹی ڈائریکٹر سول انجینئر عبید الله خان کی انجینئرنگ کی ڈگری جعلی نکلی ہے‘ پمز انتظامیہ نے جعلی ڈگری ہونے کے باوجود انجینئر عبید الله خان کو اگلے گریڈ18 میں ترقی بھی دے دی ہے۔ انجینئر عبید الله خان 1990 ء میں پمز میں بطور اسسٹنٹ انجینئر (سول) بھرتی ہوئے تھے پمز انتظامیہ نے انہیں ابتدائی تربیت مکمل کرنے سے قبل ہی مستقل کردیا تھا۔

وزارت کیڈ کی دستاویزات کے مطابق انجینئرعبید الله خان کی تعیناتی میں سنگین بدعنوانیاں کی گئی تھیں عبید الله خان نے اپنی دستاویزات میں دعویٰ کیا تھاکہ انہوں نے انجینئرنگ کابل یونیور سٹی کابل افغانستان سے مکمل کی ہے تاہم 25 سال گزرنے کے باوجود ابھی تک کابل یونیور سٹی ان کی ڈگری کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

پمز انتظامیہ کے سینئر ڈاکٹر الطاف حسین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ عبید الله خان کی ڈگری کا معالہ متعدد بار کابل یونیورسٹی سے اٹھایا ہے لیکن ابھی تک مثبت جواب نہیں آیا اس کے نتیجہ میں اب پمز انتظامیہ نے یہ معاملہ دفترخارجہ اور ایچ ای سی سے اٹھایا ہے تاہم ان دو وزارتوں نے بھی مثبت جواب نہیں دیا ہم قانونی اور اخلاقی طور پر خاموش ہیں وزارت کیڈ کے افسران نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ڈگری جعلی ثابت ہونے کے بعد عبید الله خان کے خالف مجرمانہ کارروائی کریں گے اور اب تک وصول کی گئی سرکاری مراعات تنخواہیں ‘ الاؤنس وغیرہ بھی واپس لیں گے یہ معاملہ اب نیب کو بھی ارسال کیا جاسکتا ہے کیونکہ سرکاری افسران کی ڈگریوں کا معاملہ پہلے ہی نیب کے سپرد ہے۔