سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور بنگلادیش سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں عید الفطر وایتی جوش و و جذبے سے منائی گئی ،اللہ کے حضور خصوصی دعاؤں کا اہتمام ، وزیراعظم نواز شریف نے مسجد نبوی میں نماز عید ادا کی، خیبر پختونخوا میں عید دو منانے کی روایت برقرار رہی،پشاور سمیت صوبے بھر اور قبائلی علاقہ جات میں پیر کے روز عید الفطر مذہبی عقیدت احترام و روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی،ہزارہ ڈویژن ، مالاکنڈ ڈویژن ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں بعض مقامات پر آج عید الفطر منائی جائیگی

منگل 29 جولائی 2014 06:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء) سعودی عرب، قطر، اردن، متحدہ عرب امارات، کویت، فلسطین، عراق، افغانستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، آسٹریلیا،برطانیہ میں پیر 28 جولائی کو عید ا لفطر روایتی جوش و و جذبے سے منائی گئی، وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسجد نبوی میں ہی نماز عید ادا کی ۔ خلیجی ریاستوں ، یورپ اور امریکا میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد عیدالفطر کا اعلان کیا گیا اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے اپنے رب کے حضور رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات کی مقبولیت اور امت مسلمہ کی سربلندی بالخصوص غزہ کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔

اس موقع پر مسلمانوں میں روا یتی جو ش و خروش پایا گیا ،لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عیدالفطر کی مبارکبادیں دیں ۔

(جاری ہے)

مسجد حرام میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح8بجکر 15منٹ پر عید کی نماز ادا کی گئی، اسی طرح مدینہ المنورہ میں بھی نماز عید ادا کی گئی اور وزیراعظم نواز شریف نے مسجد نبوی میں ہی نماز عید ادا کی۔دوسری جانب عید الفطر کی تیاریوں کے لئے دنیا بھر کی طرح امریکا اور یورپ میں بھی بھرپور انتظامات کئے گئے ، بچوں نے رمضان المبارک میں ہی نئے کپڑے اور خوشبوجات خرید کرلیں جبکہ خواتین بھی عید کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور گھروں میں خصوصی طور پر کھانوں کا اہتمام کیا گیا ۔

پاکستان میں خیبر پختونخواہ کے کئی علاقوں میں بھی عیدالفطر منائی گئی ،شمالی وزیر ستان کے آئی ڈی پیز نے بھی عید منائی ، ادھر اپنے پیاروں سے دور خلیجی ممالک، مغرب اور یورپ میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی اپنی یادوں میں اہلخانہ کو بسائے عید منا ئی ۔ عمان کے محکمہ مذہبی امور کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شوال کی رویت نہیں ہوئی، اس لیے وہاں عیدالفطر آج منگل کو ہوگی۔

ادھرپشاور سمیت صوبے بھر اور قبائلی علاقہ جات میں پیر کے روز عید الفطر مذہبی عقیدت احترام و روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ جبکہ ہزارہ ڈویژن ، مالاکنڈ ڈویژن ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں بعض مقامات پر آج عید الفطر منائی جائیگی ۔عید کے موقع پر پشاور سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ رواں سال بھی خیبر پختونخوا میں عید دو منانے کی روایت برقرار رہی اور لوگوں نے جوش و جزبے اور عقیدس سے عید منائی ۔

جبکہ افغان مہاجرین نے بھی پیر کے روز عید منائی ۔ اسی طرح بنوں میں مقیم وزیرستان کے متاثرین کی بڑی تعداد نے جماعت اسلامی کے رہنماء پروفیسر ابراہیم کی امامت میں نمازعید ادا کی جسکے بعد آئی ڈی پیز میں تحائف تقسیم کیے گئے جبکہ ضلع نوشہرہ کی مختلف مساجدمیں نمازعید ادا کی گئی چارسدہ اور ھنگو سمیت کئی دیگر اضلاع کی عید گاہوں اور مساجد میں بھی نمازعید کے اجتماعات ہوئے ۔

پشاور میں مسجد مہابت خان ، قاسم علی خان سمیت بڑی بڑی مساجدوں میں عید کی نماز ادا کی گئی جسمیں سینکڑوں افراد نے شرکت کی عید کی نماز کے بعد شرکاء ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی خوشیوں کااظہار کیا ۔ امن وامان کی صورتحال کے باعث رواں سال بھی شہر میں میلہ نہ سج سکے ۔ عید الفطر کے حوالے سے عید گاہوں ، مساجدوں کی سیکورٹی کے لئے موثر انتظامات کئے گئے تھے ۔

پولیس کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں ۔ پیر کے روز عید الفطر کی نماز کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ عید الفطر کی نماز وں میں ملک کی خوشحالی ، امن وامان ، فلسطین اور وزیرستان کے متاثرین کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئی ۔ جبکہ صوبائی دارلحکومت پشاور کے بعض علاقوں میں عید الفطر نہیں منائی گئی اور آج منائی جائیگی ۔ پیر کے روز عید الفطر کے باعث شہر بھر کے ہو ٹلز کھل گئے ہیں ہوٹلوں کے علاوہ سینماء گھر اور دیگر تفریحی مقامات بھی کھل گئے تھے ۔

عیدالفطر پر موبائل سروس فون بند نہیں کیا گیا امن وامان کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث موبائل فون سروس بند نہیں ہوا تاہم آج تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ دوسری جانب صوبائی وزیرمذہبی امور حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ زونل کمیٹی کے فیصلے کے مطابق عیدالفطر کا اعلان کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتشار سے بچنے کے لیے ایک ہی دن عید منانی چاہیے۔