ای سی سی اجلاس، 28اپریل2017ء تک 3لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی منظوری

منگل 24 جنوری 2017 11:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2017ء)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )نے 28اپریل2017ء تک 3لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔وزیراعظم کے فیصلے کی روشنی میں ای سی سی نے2016-17ء کے لئے کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کے فیصلے کی تائید کی،حکومت کسانوں اور زرعی شعبے کو ایک بیگ کے عوض200روپے کی مدد فراہم کر رہی ہے،ای سی سی نے 28اپریل2017ء تک بغیر سبسڈی کے تین لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی سمری منظور کرلی۔

حکومت ایک بیگ پر دو سو روپے سبسڈی مہیا کر رہی ہے تاہم یہ سبسڈی کھاد کی ایکسپورٹ پر دستیاب نہیں ہوگی،ایکسپورٹ کوانٹٹی کو مانیٹر کرنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان شوگر برآمد کرنے کی طرز پر میکنزم تیار کرے گا۔

(جاری ہے)

فرٹیلائیزر ریوکمیٹی ماہانہ کھاد کی قیمتوں کا جائزہ لے گی اور اگر ریٹیل قیمت بڑھی تو ایف آر سی ای سی سی کو ایکسپورٹ ختم کرنے کی سمری بھجوائے گا۔

ایکسپورٹ کی اجازت ملک میں ایک لاکھ میٹرک ٹن کھاد کے اضافی ذخائر کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کو ہدایت کی ہے کہ پاسکو کے 2008-09ء کے کلیمز کو ادا کیا جائے اور پاسکو اس حوالے سے وزارت خزانہ کے اعداد وشمار سے ملائے گا۔ای سی سی کے اجلاس میں سابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود اور سابق چےئرمین ایف بی آر نثار محمد نے بھی شرکت کی کمیٹی نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا