ہم سب ملک کر نیا امریکہ بنائیں گے،ہمارا عزم سب سے پہلے امریکہ ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

کالا ہو یا گورا سب کا خون سرخ ہے،ہمیں بہت سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے،ہم دنیا اور امریکی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں گے اسٹبلشمنٹ نے اپنا تحفظ کیا، اب کسی کو خوف کی ضرورت نہیں ،ہم صرف اپنے مستقبل پر نظر رکھیں گے ، ایک نیا ویژن لے کر آگے بڑھیں گے، وہی کریں گے جس سے امریکہ اور امریکی عوام کا مفاد وابستہ ہو، امریکی صدر تمام ملکوں سے دوستی کریں گے، امریکہ میں نوکریوں کا دفاع کریں گے،دنیا سے انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے گا، ہم وہ نہیں جو صرف باتیں کرتے ہیں ، کام کرکے دکھائینگے ، حلف برداری تقریب سے ٹرمپ کا خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 11:51

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2017ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی اسٹیبلشمنٹ نے اپنا تحفظ کیا،امریکیوں کا تحفظ نہیں کیا ہم نے اپنی سرحدوں کی بجائے دوسروں کی سرحدوں کی حفاظت کی،آج کے بعد عوام حکومت کو کنٹرول میں رکھے گی،عوام ہی امریکہ کے سربراہ اور رہنما ہوں گے،کالا ہو یا گورا سب کا خون سرخ ہے،ہم سب ملک کر نیا امریکہ بنائیں گے،ہمارا عزم سب سے پہلے امریکہ ہے،اب اس عزم کی حکمرانی ہوگی۔

حلف برداری کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ کے سابق صدور اور عوام کا شکریہ ادا کیا کہ ہم سب ایک ساتھ امریکہ کے مسقبل کا فیصلہ کریں گے،ہمیں بہت سے مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے،ہم دنیا اور امریکی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ نے اپنا تحفظ کیا امریکہ کے عوام کا تحفظ نہیں کیا،امریکی شہری ملک کی تعمیر نو اور قومی کوششوں میں شریک ہوں۔

انہوں نے صدر اوبامہ اور مشیل اوبامہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک انتظامیہ آرہی ہے اور دوسری انتظامیہ جارہی ہے،طاقت عوام کو منتقل کی جارہی ہے عوام ملک کو سنبھالیں گے اور کنٹرول کریں گے،امریکی عوام ہی اس ملک کے سربراہ اور رہنما ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو اپنے بچوں کے لئے اچھے سکول اور اچھے حالات چاہئیں ہمیں بہت چیلنجز کا سامنا ہوگا سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ امریکہ آپ سب کا ہے،امریکہ سب سے پہلے ہے،آج چند مقامات کے سوا پورے امریکہ میں لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو منشیات اور سماج دشمن عناصر جیسے مسائل کا سامنا ہے،سیاستدانوں نے ترقی کی لیکن ملک سے روزگار ختم ہوا،فیکٹریاں بند ہوگئیں،ہم واشنگٹن ڈی سی سے طاقت عوام کو منتقل کریں گے،ہم صرف امریکہ کے مستقبل پر نظر رکھیں گے اور ایک نیا ویژن لے کر آگے بڑھیں گے،ہم وہی کریں گے جس سے امریکہ اور امریکی عوام کا مفاد وابستہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں کی بجائے دوسروں کی سرحدوں کی حفاظت کی،اب کسی کو خوف نہیں ہونا چاہئے،ہم سب کو تحفظ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کرنا چاہتے،ہم اپنی مدد آپ کے تحت اپنے ملک کی تعمیر نو کریں گے،ہم دہشتگردی کے خلاف کام کریں گے ،باتیں کرنے کا وقت ختم ہوگیا،اب کام کرنے کا وقت آگیا ہے،میں ان سیاستدانوں کی طرح نہیں جو صرف باتیں کرتے ہیں اور کام نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مڈل کلاس کو گھروں سے محروم کردیاگیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا سے انتہا پسندی کا خاتمہ کیا جائے گا،ہم اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے تمام ملکوں سے دوستی کریں گے،ہم امریکہ میں نوکریوں کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم کالے اور سفید سب کو سوچنا ہوگا کہ سب کا خون سرخ ہے،ہم سب مل کر امریکہ کو محفوظ اور عظیم بنا سکتے ہیں،ہم امیگریشن،ٹیکس ،تجارت،خارجہ امور کو ایسا بنائیں گے کہ امریکیوں کو فائدہ پہنچے ہمارا عزم سب سے پہلے امریکہ ہے اس عزم کی حکمرانی ہوگی