عمران خان نے بنی گالا میں گھر کی خریداری کے حوالے سے جھوٹ بولا ہے ،ْ اکرم شیخ

پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کافیصلہ کیسے ہوگا، اثاثے چھپانے والا قوم کیلئے اہل نہیں ،ْ چیف الیکشن کمشنر

بدھ 18 جنوری 2017 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19جنوری۔2017ء) الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت کے دور ان درخواست گزاروں کے وکیل اکرم شیخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے بنی گالا میں گھر کی خریداری کے حوالے سے جھوٹ بولا ہے ، جمائما خان کہتی ہیں کہ یہ اراضی بے نامی ٹرانزیکشن سے خریدی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہاہے کہ اگر پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کافیصلہ کیسے ہوگا، اثاثے چھپانے والا قوم کیلئے اہل نہیں۔

الیکشن کمیشن میں بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں طلال چوہدری اور دیگر کی عمران خان کے خلاف نااہلی کے ریفرنس اور جہانگیر ترین کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد خان ڈاہا کے ریفرنس کی بھی سماعت ہوئی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی اراکین کی جانب سے پانچ رکنی بینچ کے سامنے سینئر قانون دان اکرم شیخ جبکہ عمران خان کی جانب سے نعیم بخاری پیش ہوئے جنہوںنے اپنے دلائل دیئے ۔

اس موقع پر نعیم بخاری نے مؤقف اختیارکیاکہ عمران خان نے بنی گالا میں اراضی کی خریداری کے لئے تمام ٹرانزیکشن بینک کے ذریعے کی ۔ عمران خان نے جمائمہ کو تمام رقم ادا کردی ہے ، سپیکر کا بھیجا گیا ریفرنس ماضی کے امور سے متعلق ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے وکیل اکرم شیخ نے کہاکہ معاملہ 20سال کا ہو یا 5سال کا عمران خان نے جھوٹ بولا ہے ۔ نیازی سروسز آف شور کمپنی ہے ۔ سپیکر نے صرف تعین کرنا تھا کہ ریفرنس بھجوانے کے قابل ہے کہ نہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کا فیصلہ کیسے ہو گا جبکہ کمیشن کے ممبر کا مؤقف تھاکہ پہلے ہی اس کیس میں بہت تاخیر ہو چکی ہے۔ سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی گئی۔