وزیر اعظم کو استثنیٰ دینا ہے تو پہلے یوسف رضا گیلانی کی سزا ختم کرنا ہوگی،خورشید شاہ

استثنیٰ مانگنے سے ظاہر ہوتا ہے دال میں کچھ کالا ضرور ہے آصف زرداری نے دورہ امریکہ کی وجہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ موخر کیا ہے،میڈیاسے گفتگو

بدھ 18 جنوری 2017 10:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2017ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو استثنیٰ دیا تو پھر بتانا ہوگا کہ سید یوسف رضا گیلانی کا کیا قصور تھا کہ انہیں نااہلی کی سزا دی گئی۔منگل کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سے استثنیٰ مانگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرورہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل غور ھے کہ اگر وزیراعظم بے گناہ ہیں تو پھر استثنیٰ کیوں مانگ رہے ہیں اور اگر وزیر اعظم کو استثنیٰ دینا ھے تو پہلے یوسف رضا گیلانی کی سزا ختم کرنا ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے امریکہ کے دورے کی وجہ سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ موخر کیا ھے۔ کیونکہ اگر اس دوران الیکشن شیڈول آ جاتا تو پھر دورہ امریکہ متاثر ہوتا۔