سید علی گیلانی نے مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کامطالبہ کردیا

بدھ 18 جنوری 2017 11:39

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی )کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کامطالبہ کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق منگل کے روز اپنے ایک بیان میں حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کمیٹی کے سربراہی کسی ایسے شخص کو دے جو ہندو ذہنیت سے واقف ہو، کیا حکومت کے پاس ایسے لوگ نہیں جو کشمیر کمیٹی کی سربراہی کر سکیں؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی کی قیادت اور ارکان کی اکثریت کشمیر کاز کو نہیں سمجھتی حکومت پاکستان کی سنجیدگی کا اندازہ کشمیر کمیٹی سے ہورہا ہے۔

مقبوضہ وادی بغاوت کا منظر پیش کررہی ہے جبکہ عالمی برادری خاموش ہے ۔ نریندر مودی کے ہوتے ہوئے خیر کی امید نہیں‘ سید علی گیلانی نے کہا کہ نواز حکومت نے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اپنایا‘نواز شریف پر کرپشن کے الزامات نے ان کی پوزیشن کو کمزور کردیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے امریکہ کا کردار ہمیشہ شرمناک اور مجرمانہ رہا ہے