پٹرولیم لیوی معاملے پر تحقیقات میں مزید پیشرفت

مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے اب تک ایک ارب 47 کروڑ قومی خزانے میں جمع کرائے جاچکے ہیں

بدھ 18 جنوری 2017 11:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2017ء) پٹرولیم لیوی کے معاملے پر تحقیقات میں مزید پیشرفت ، مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے اب تک ایک ارب 47 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جاچکے ہیں، رقم جمع کرانے میں ایف آئی اے کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر پٹرولیم لیوی کے معاملے پر تحقیقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے اوراس سلسلہ میں اب تک ایک ارب 47 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ رقم مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایف آئی اے کی تحقیقات کے نتیجے میں جمع کرائی گئی ہے۔ مارکیٹنگ کمپنیوں سے پٹرولیم لیوی کی رقم وصول کرنے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے لاہور کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ پٹرولیم لیوی کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔ انکا کہنا تھا کہ سرکار کو واجب الادا ایک ایک پیسے کا حساب لینا ضروری ہے لہذا ایسے تمام عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی جاری رکھی جائے جن کے ذمہ رقموں کی ادائیگی باقی ہے۔